پشاور کی رونقیں بحال: نئی انتظامیہ کے ثمرات نمایاں ، اندرون شہر میں تجاوزات کیخلاف بڑا کریک ڈاون

پشاور کی رونقیں بحال: نئی انتظامیہ کے ثمرات نمایاں ، اندرون شہر میں تجاوزات کیخلاف بڑا کریک ڈاون

ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے تاریخی اندرون شہر میں تجاوزات کے خلاف رات کے اوقات میں  بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ہشتنگری سے چوک یادگار تک کی تجاوزات کا صفایا کر دیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی مشینری اور اینٹی انکروچمنٹ اسکواڈ نے رات 10 بجے ہشتنگری چوک سے اچانک کارروائی کا آغاز کیا ، یہ گرینڈ آپریشن اندرون شہر کے گنجان ترین تاجر مراکز بشمول کریم پورہ بازار اور گھنٹہ گھر سے ہوتا ہوا چوک یادگار تک پھیل گیا ، مسلسل ساڑھے 3 گھنٹے جاری رہنے والی اس بلا امتیاز کارروائی کو رات 1:30 بجے اختتام پذیر کیا گیا، جس کے دوران سڑکوں، فٹ پاتھوں اور سرکاری اراضی پر قائم تمام عارضی و مستقل قائم کی گئی تجاوزات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار اور ضبط کر لیا گیا۔

عوامی آمدورفت اور تاجروں کے لیے آسانیاں

کارروائی کے نتیجے میں مذکورہ بازاروں اور ملحقہ علاقوں کا کشادہ نقشہ بحال ہو گیا ہے،  اندرون شہر کی اہم شاہراہوں پر قائم تجاوزات کے خاتمے سے روزمرہ بنیادوں پر ان تجارتی مراکز کا رخ کرنے والے لاکھوں شہریوں، خریداروں اور مقامی رہائشیوں کے لیے آمدورفت میں بے پناہ آسانی پیدا ہو گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے حکام کے مطابق شہر کو تجاوزات سے یکسر پاک کرنے اور عوام کو نقل و حرکت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے یہ آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : مفاد ملے تو ریاست ماں کے جیسی ، اور نہ ملے تو زہر افشانی شروع ! فضل الرحمٰن کی دوغلی سیاست کا پول ڈی آئی خان کے عوام نے کھول دیا

پشاور کا تاریخی اندرون شہر اپنے قدیم بازاروں، گھنٹہ گھر اور چوک یادگار کی وجہ سے تجارتی و ثقافتی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے تاہم، گزشتہ کئی دہائیوں سے غیر قانونی ریڑھی بانوں، فٹ پاتھوں پر سامان سجانے والے دکانداروں اور غیر منظم تجارتی سرگرمیوں کے باعث یہ علاقے سنگین ٹریفک جام اور بدحالی کا شکار ہو چکے تھے،  دن کے اوقات میں تجارتی سرگرمیوں کے شدید اژدہام کے باعث انتظامیہ کے لیے آپریشن کرنا مشکل تھا، جس کے لیے رات کے وقت کا انتخاب کیا گیا تاکہ تجارتی نظام اور عام زندگی متاثر نہ ہو۔

اگر نیت صاف اور عزم پختہ ہو تو چند گھنٹوں کے اندر ہی وہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں جو ماضی میں سالوں میں بھی حاصل نہ ہو سکے،  خیبر پختونخوا کی نئی انتظامیہ نے اس فوری اور نتیجہ خیز کارروائی کے ذریعے پی ٹی آئی کے پچھلے ادوارِ حکومت کی انتظامی نااہلی، سیاسی بے حسی اور طویل غفلت پر کاری ضرب لگائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : اب 13 سالہ کارکردگی کا حساب ہوگا اور تجاوزات کا صفایا بھی! گورنر خیبرپختونخوا کی پی ٹی آئی دورحکومت پر تنقید

ماضی میں محض بیانات اور کاغذی دعوؤں تک محدود رہنے والے تجاوزات کے مسئلے کو نئی انتظامیہ نے عملی تحرک سے حل کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر عوام کو ریلیف دینے کی نیت موجود ہو تو وسائل اور وقت کبھی رکاوٹ نہیں بنتے۔ اس جرات مندانہ اقدام نے نہ صرف انتظامیہ کا نفاذِ قانون پر سے اٹھتا ہوا اعتماد بحال کیا ہے بلکہ یہ پیغام بھی دیا ہے کہ حقیقی حکمرانی نعروں سے نہیں بلکہ عوام دوست فیصلوں پر سچے دل سے عملدرآمد سے قائم ہوتی ہے۔

editor

Related Articles