گوگل نے جیمنائی 4 کاربن اور جینی 4 متعارف کرا دیے، نئی اے آئی ٹیکنالوجی کیا کر سکتی ہے

گوگل نے جیمنائی 4 کاربن اور جینی 4 متعارف کرا دیے، نئی اے آئی ٹیکنالوجی کیا کر سکتی ہے

گوگل نے مصنوعی ذہانت کے میدان میں اپنے2نئے ماڈلز جیمنائی 4 کاربن اور جینی 4 متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جو سائبر سکیورٹی، روبوٹکس اور ڈیجیٹل دنیا کی تخلیق جیسے شعبوں میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ٹیکنالوجی کی دنیا میں مصنوعی ذہانت کے حوالے سے مقابلہ مزید تیز ہو گیا ہے۔ گوگل نے حال ہی میں نئے اے آئی ماڈلز پیش کرنے کے بعد اب جیمنائی 4 کاربن متعارف کرایا ہے، جبکہ جینی 4 نامی ایک اور ماڈل بھی پیش کیا جا رہا ہے۔

کمپنی کے مطابق جیمنائی 4 کاربن اس کا جدید ترین اے آئی ماڈل ہے، جسے خاص طور پر سائبر سکیورٹی کے شعبے میں استعمال کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ ماڈل کمپیوٹر سسٹمز میں موجود سکیورٹی خامیوں کی نشاندہی کرنے اور انہیں دور کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گوگل نے نیا اے آئی ماڈل جیمنائی آراگون متعارف کرا دیا

میڈیا رپورٹ کے مطابق بینچ مارک ٹیسٹنگ میں اس ماڈل نے جیمنائی 4 آرگون سمیت اوپن اے آئی کے جی پی ٹی 6 آسٹرا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

جینی 4 کیا ہے اور یہ کیسے کام کرے گا؟

گوگل کا دوسرا ماڈل جینی 4 ایک ورلڈ ماڈل ہے، جس کا مقصد ایسی ڈیجیٹل دنیائیں تخلیق کرنا ہے جن میں مختلف ماحول اور حالات کی نقل تیار کی جا سکے۔

عام چیٹ بوٹس صارف کے سوالات کے جواب دینے کے لیے الفاظ کی پیش گوئی کرتے ہیں، جبکہ ورلڈ ماڈلز ماحول اور اس میں ہونے والی تبدیلیوں کی نقل تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

یہ ٹیکنالوجی روبوٹکس، ویڈیو گیمز اور ورچوئل ماحول کی تیاری سمیت مختلف شعبوں میں کارآمد ثابت ہو سکتی ہے۔ جینی 4 میں آڈیو کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے، جس کے ذریعے ڈویلپرز اپنی تخلیق کردہ ڈیجیٹل دنیاؤں میں پس منظر کی آوازیں اور مکالمے شامل کر سکیں گے۔

عام صارفین کے لیے کب دستیاب ہوں گے؟

فی الحال یہ دونوں ماڈلز عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ گوگل کے مطابق جیمنائی 4 کاربن تک رسائی منتخب سائبر سکیورٹی ماہرین کو دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بند سم پر واٹس ایپ چلانے والوں کے لیے خطرے کی گھنٹی، پی ٹی اے متحرک

ان ماڈلز کی مزید تفصیلات اور عام صارفین کے لیے دستیابی کے حوالے سے صورت حال واضح ہونے کے بعد ہی ان کے عملی استعمال اور ممکنہ اثرات کا بہتر اندازہ لگایا جا سکے گا۔

مصنوعی ذہانت میں ہونے والی یہ پیش رفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ مستقبل میں اے آئی کا کردار صرف سوالات کے جواب دینے تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ ڈیجیٹل دنیا کی تخلیق اور کمپیوٹر سسٹمز کی سکیورٹی میں بھی اس کی اہمیت بڑھ سکتی ہے۔

editor

Related Articles