پاکستان ریلوے نے ٹرینوں کی آمدورفت میں مسلسل تاخیر کے پیش نظر 15 اکتوبر سے نافذ کیا گیا نیا ٹائم ٹیبل عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے پرانا شیڈول بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ریلوے حکام کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 10 نومبر سے ٹرینیں سابقہ ٹائم ٹیبل کے تحت چلائی جائیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئے شیڈول پر عمل درآمد کے دوران ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی اور متعدد گاڑیاں مقررہ وقت سے تاخیر کا شکار رہیں۔
یہ بھی پڑھیں :ریلوے مسافروں کے لیے بڑی خوشخبری، معروف بابو مسافر ٹرین بحال
حکام کے مطابق ٹرینوں کی تاخیر کی بڑی وجوہات میں انجینئرنگ پابندیاں اور سگنل سسٹم میں خرابی شامل ہیں۔ ان مسائل کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد نئے ٹائم ٹیبل کو عارضی طور پر روکنے اور پرانا نظام بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
دوسری جانب محکمہ ریلوے نے آؤٹ سورس کی گئی نجی ٹرینوں میں بھی تمام اہل مسافروں کو قواعد کے مطابق سفری رعایتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے تحت نجی ٹرین آپریٹرز صحافیوں، بزرگ شہریوں اور معذور افراد سمیت رعایتی سفر کے اہل تمام مسافروں کو مقررہ سہولتیں دینے کے پابند ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں :انڈونیشیا : دو ٹرینوں میں تصادم سے 14 مسافر ہلاک ، درجنوں زخمی


