متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں سمیت دیگر غیر ملکی شہریوں کو کینیڈا کے ویزے کے حصول کے نام پر سرگرم جعلی ایجنٹوں اور فراڈ کرنے والوں سے خبردار کر دیا گیا ہے۔
ویزا اپائنٹمنٹ کے لیے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جاتی جبکہ ویزے کی سو فیصد منظوری کی ضمانت دینے والے افراد کے دعوے بھی بے بنیاد ہیں۔
بین الاقوامی ویزا سروس فراہم کرنے والے ادارے وی ایف ایس گلوبل نے واضح کیا ہے کہ کینیڈا ویزا اپائنٹمنٹ کی بکنگ سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے بالکل مفت کی جا سکتی ہے۔ درخواست گزار فوری اپائنٹمنٹ دلوانے کے نام پر کسی ایجنٹ یا غیر متعلقہ شخص کو اضافی رقم ادا نہ کریں۔
ادارے کے مطابق بعض افراد رقم کے عوض فوری اپائنٹمنٹ، ترجیحی کارروائی اور ویزے کی یقینی منظوری کے دعوے کرکے درخواست گزاروں کو دھوکا دینے کی کوشش کرتے ہیں حالانکہ کسی ایجنٹ یا نجی ادارے کے پاس کینیڈین ویزے کی منظوری یقینی بنانے کا اختیار نہیں۔
وی ایف ایس گلوبل نے وضاحت کی ہے کہ اس کا کردار صرف ویزا درخواستوں سے متعلق انتظامی اور معاون خدمات فراہم کرنے تک محدود ہے جبکہ درخواست منظور یا مسترد کرنے کا حتمی فیصلہ کینیڈا کی حکومت کرتی ہے۔
اضافی یا خصوصی خدمات خریدنے سے نہ تو ویزا ملنے کے امکانات بڑھتے ہیں اور نہ ہی درخواست پر فیصلے کی رفتار تیز ہوتی ہے۔
درخواست گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ذاتی معلومات، پاسپورٹ کی تفصیلات اور مالی معلومات کسی غیر مصدقہ ایجنٹ یا نامعلوم شخص کے حوالے نہ کریں۔ ویزا شرائط، مطلوبہ دستاویزات اور اپائنٹمنٹ سے متعلق معلومات صرف کینیڈین حکومت اور وی ایف ایس گلوبل کے مستند ذرائع سے حاصل کی جائیں۔
یہ انتباہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں، بھارتیوں اور دیگر غیر ملکی شہریوں کے لیے اہم ہے، جو سیاحت، تعلیم، کاروبار یا اہل خانہ سے ملاقات کے لیے کینیڈا جانے کے خواہش مند ہیں۔