17 دن میں ایسا کیا ہوا کہ رجنی کانت کی فلم تاریخ ساز بن گئی؟

17 دن میں ایسا کیا ہوا کہ رجنی کانت کی فلم تاریخ ساز بن گئی؟

بھارتی سپر اسٹار رجنی کانت کی نئی تامل فلم ’جیلر 2‘ نے ریلیز کے صرف 17 دنوں میں باکس آفس پر ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ فلم نے اداکار کی آبائی ریاست تامل ناڈو میں 200 کروڑ بھارتی روپے کا گراس بزنس کرکے ان کے سابقہ تمام ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیے۔

ہدایت کار نیلسن دلیپ کمار کی فلم ’جیلر 2‘ نے تامل ناڈو میں یہ سنگ میل عبور کرکے رجنی کانت کے فلمی کیریئر میں ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ اس سے قبل ان کی کوئی فلم اس ریاست میں 200 کروڑ روپے کی کمائی تک نہیں پہنچ سکی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم نے 17ویں روز بھارت بھر میں 7 ہزار 486 شوز سے تقریباً 6.09 کروڑ روپے کا نیٹ بزنس کیا۔ اس میں تامل زبان کے ورژن نے 4.46 کروڑ روپے، ہندی ورژن نے 99 لاکھ روپے جبکہ تیلگو ورژن نے 64 لاکھ روپے کمائے۔

یہ بھی پڑھیں:28 سالہ شادی کا اختتام، معمر رانا کی اہلیہ نے خلع لے لیا

اس طرح فلم کی بھارت میں مجموعی نیٹ کمائی 441.49 کروڑ روپے جبکہ گراس کلیکشن 516.64 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ فلم کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس نے ریلیز کے ابتدائی 8 دنوں میں 334.35 کروڑ روپے کا کاروبار کیا، جبکہ دوسرے ہفتے میں مزید 95.55 کروڑ روپے اس کے کھاتے میں آئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کی روزانہ کمائی میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ 16ویں روز 5.50 کروڑ روپے کمانے والی ’جیلر 2‘ نے اگلے روز 6.09 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔

عالمی باکس آفس پر بھی فلم کی کارکردگی نمایاں رہی۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 16ویں روز تک اس کا دنیا بھر میں مجموعی گراس بزنس 776.95 کروڑ روپے تک پہنچ چکا تھا۔

’جیلر 2‘ نے تامل ناڈو میں اپنی پہلی فلم ’جیلر‘ کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے، جس نے ریاست میں تقریباً 189.35 کروڑ روپے کمائے تھے۔ سیکوئل نے صرف 17 دنوں میں 200 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

اب فلم کی نظریں ایک اور بڑے ہدف پر ہیں۔ معروف فلم ڈسٹری بیوٹر اور تھیٹر مالک تروپور سبرامنیم نے پیش گوئی کی ہے کہ ’جیلر 2‘ دنیا بھر میں ایک ہزار کروڑ روپے کا بزنس کرنے والی پہلی تامل فلم بن سکتی ہے۔ تاہم یہ ابھی ایک پیش گوئی ہے اور فلم کی حتمی کمائی سامنے آنے کے بعد ہی اس کا فیصلہ ہوگا۔

editor

Related Articles