گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایڈورڈز کالج پشاور کی انتظامی اور تعلیمی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کالج کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے، انتظامی و مالیاتی امور کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے اور مستقل پرنسپل کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت ایڈورڈز کالج کی بہتری، انتظامی ڈھانچے اور تعلیمی امور کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں مشیر تعلیم عامر عبداللہ، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، بورڈ آف گورنرز کے اراکین، کالج کے پرنسپل اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں گورنر کو کالج کے انتظامی معاملات، انفراسٹرکچر، ڈیجیٹل نظام، ای لرننگ، تعلیمی کارکردگی، طلبہ کی کامیابیوں اور مالیاتی انتظام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ انتظامی اصلاحات، احتساب، غیر نصابی سرگرمیوں اور ٹیکس سے متعلق مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کالج کی موجودہ کارکردگی اور انتظامی معاملات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایڈورڈز کالج کی بہتری کے لیے محض اعلانات کے بجائے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کالج کے انتظامی اور تعلیمی مسائل جنگی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور تمام زیر التوا معاملات کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کیا جائے،انہوں نے مستقل پرنسپل کی تعیناتی کا عمل جلد مکمل کرنے اور کالج کی زیر التوا کمیٹیوں میں اراکین کی کمی فوری طور پر پوری کرنے کی ہدایت بھی کی۔
گورنر نے کالج کے انتظامی اور مالیاتی امور کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے، کالج کے فنڈز خیبر بینک منتقل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے اور ٹیکس سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر بھی زور دیا۔
فیصل کریم کنڈی نے مشیر تعلیم عامر عبداللہ کو ایڈورڈز کالج کے تمام انتظامی اور تعلیمی معاملات بہتر بنانے کا ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اصلاحاتی اقدامات پر پیش رفت تیز کی جائے اور مسائل کے حل میں تاخیر نہ ہونے دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بعض شعبہ جات میں طلبہ کے کم داخلوں کا مسئلہ حل کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی بنائی جائے جبکہ کمپیوٹر لیبارٹری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے ایڈورڈز کالج کو ڈگری جاری کرنے والا ادارہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کالج کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے اور ترقیاتی کام جلد شروع کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ایڈورڈز کالج جیسے تاریخی تعلیمی ادارے کی سابقہ تعلیمی عظمت اور وقار بحال کرنا ضروری ہے،اجلاس کے شرکاء نے بھی کالج کی ترقی، تعلیمی معیار میں بہتری، انتظامی اصلاحات اور کارکردگی بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔
