عدالتی تعاون کی نئی راہیں استوار، سیئول میں پاکستان اور کوریا کی سپریم کورٹس کے درمیان یادداشت پر دستخط

عدالتی تعاون کی نئی راہیں استوار، سیئول میں پاکستان اور کوریا کی سپریم کورٹس کے درمیان یادداشت پر دستخط

بین الاقوامی عدالتی شراکت داری کو مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر سپریم کورٹ آف پاکستان اور جمہوریہ کوریا کی سپریم کورٹ نے آج دوطرفہ عدالتی تعاون کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ،  اس اقدام سے ادارہ جاتی اشتراک، عدالتی علم و تجربات کے تبادلے اور ٹیکنالوجی میں جدت کی نئی راہیں کھلی ہیں۔

کوریا کے سرکاری دورے پر موجود عزت مآب چیف جسٹس آف پاکستان کا سیول میں کوریا کی سپریم کورٹ آمد پر جمہوریہ کوریا کی سپریم کورٹ کے عزت مآب چیف جسٹس، مسٹر جسٹس جو ہی دے، نے پرتپاک استقبال کیا ، دونوں چیف جسٹس صاحبان نے ادارہ جاتی تعلقات کے استحکام، ایک دوسرے کے تجربات سے استفادے اور دونوں ممالک کی عدلیہ کے درمیان قریبی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں چیف جسٹس صاحبان نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، جو پاکستان اور جمہوریہ کوریا کے عدالتی تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔

مفاہمت کی یادداشت مسلسل ادارہ جاتی روابط کے لیے ایک جامع لائحۂ عمل فراہم کرتی ہے، جس میں عدالتی وفود کے تبادلے، پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ، عدالتی تعلیم، مشترکہ تحقیق اور ادارہ جاتی تجربات و بہترین طریقہ ہائے کار کا تبادلہ شامل ہے۔

اس میں عدالتی اصلاحات و جدت، الیکٹرانک عدالتی نظام، ڈیجیٹل انصاف، مصنوعی ذہانت اور عدالتی انتظام میں اس کے ذمہ دارانہ استعمال، اسمارٹ عدالتوں، عدالتی اعدادوشمار کے تجزیے اور سائبر سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

اس لائحۂ عمل میں عدالتی وفود کے باہمی دوروں، عملی تربیت کے لیے ادارہ جاتی وابستگی، مطالعاتی دوروں، ماہرین کے تبادلے، مشترکہ کانفرنسوں اور سیمینارز، نیز اعلیٰ سطح کے باقاعدہ عدالتی مکالمے کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے۔ یہ باہمی اتفاق سے طے پانے والے اقدامات میں رابطہ کاری اور ان کی پیش رفت کے لیے ایک ادارہ جاتی طریقۂ کار فراہم کرتا ہے، تاکہ تعاون کے عزم کو عملی اور پائیدار روابط میں تبدیل کیا جا سکے۔

دورے کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان نے جمہوریہ کوریا کی نیشنل کورٹ ایڈمنسٹریشن کے وزیر، جسٹس نو گیونگ پِل، سے بھی ملاقات کی ، جس میں عدالتی انتظام، ادارہ جاتی نظم و نسق، عدالتوں کے انتظام کو بہتر بنانے اور فراہمیِ انصاف کی مؤثریت بڑھانے میں جدید ٹیکنالوجی کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

کوریا کے عدالتی ٹیکنالوجی کے بنیادی ڈھانچے سے آگاہی کے سلسلے میں عزت مآب چیف جسٹس آف پاکستان نے کوریا کی سپریم کورٹ کے آئی ٹی سینٹر کا دورہ بھی کیا۔ اس دورے سے عدالتی انتظام، ڈیجیٹل عدالتی نظام اور ٹیکنالوجی کی مدد سے فراہم کی جانے والی عدالتی خدمات میں کوریا کی پیش رفت کا براہِ راست مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔

 اس کے ساتھ ساتھ، پاکستان میں جاری عدالتی اصلاحات اور ڈیجیٹل تبدیلی کے اقدامات کے تناظر میں علم و تجربات کے تبادلے اور ادارہ جاتی سطح پر سیکھنے کے ممکنہ شعبوں کی نشاندہی کا بھی موقع میسر آیا۔

جمہوریہ کوریا میں پاکستان کے سفیر سید معظم شاہ، پورے دورے کے دوران عزت مآب چیف جسٹس کے ہمراہ رہے اور تمام ملاقاتوں اور سرگرمیوں میں شریک ہوئے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی تعلقات کو آگے بڑھانے میں گراں قدر سفارتی معاونت فراہم کی۔

مفاہمت کی یادداشت پر دستخط، بین الاقوامی عدالتی تعاون کو مستحکم بنانے اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے عالمی تجربات سے استفادہ کرنے کی سپریم کورٹ آف پاکستان کی مسلسل کوششوں کا ایک اہم پہلو ہیں ، دنیا کی ٹیکنالوجی کے لحاظ سے ترقی یافتہ عدلیہ  میں سے ایک کے ساتھ منظم روابط قائم کرنے کا یہ اقدام باہمی سیکھنے، پیشہ ورانہ ترقی اور عدالتی انتظام میں اختراعی طریقے اپنانے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

editor

Related Articles