حکومت کا سی این جی اور ایل پی جی سے متعلق بڑا فیصلہ

حکومت کا سی این جی اور ایل پی جی  سے متعلق بڑا فیصلہ

سندھ کے وزیر تعلیم نے طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اسکول وینز میں سی این جی اور ایل پی جی سلنڈرز کے استعمال پر سخت پابندی عائد کرتے ہوئے نجی تعلیمی اداروں کو ٹرانسپورٹ سے متعلق حفاظتی ضوابط پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت کردی۔

وزیر تعلیم کی ہدایات کے بعد صوبائی محکمہ تعلیم نے نجی اسکولوں کے لیے ٹرانسپورٹ سے متعلق حفاظتی رہنما اصول جاری کردیے ہیں، جن کے تحت اسکول گاڑیوں کو غیر محفوظ طریقوں سے ایندھن فراہم کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بوتلوں اور کین کے ذریعے گاڑیوں کے انجن تک پیٹرول پہنچانے کا عمل انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اسکول وینز میں مقررہ گنجائش سے زیادہ طلبہ کو سوار کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔

نوٹیفکیشن میں اسکول وینز کے فٹ بورڈ پر کھڑے ہوکر طلبہ کے سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ اس طرح کے غیر محفوظ طریقوں سے بچوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سردیوں میں گیس بحران کا خدشہ، صارفین کو روزانہ کتنے گھنٹے گیس ملنے کا امکان؟

نئے حفاظتی ضوابط کے تحت اسکول ٹرانسپورٹ کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ معائنے کے لیے سرٹیفکیٹ کی ایک کاپی ہر متعلقہ گاڑی میں موجود رکھنا بھی ضروری ہوگا۔

محکمہ تعلیم نے خبردار کیا ہے کہ حفاظتی ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ اسکولوں کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

صوبائی وزیر تعلیم نے تمام نجی تعلیمی اداروں کو ٹرانسپورٹ کے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ طلبہ کی جان و سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

Related Articles