پشاور کو تجاوزات اور گندگی کا ڈھیر بنانے والے انقلابیوں کا عبرت ناک انجام تیرہ سالہ پی ٹی آئی راج میں تباہ ہونے والے صوبائی دارالحکومت کی بحالی کا تاریخی مشن شروع
Home - آزاد انتخاب - پشاور کو تجاوزات اور گندگی کا ڈھیر بنانے والے انقلابیوں کا عبرت ناک انجام تیرہ سالہ پی ٹی آئی راج میں تباہ ہونے والے صوبائی دارالحکومت کی بحالی کا تاریخی مشن شروع
کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود نے شہر میں تجاوزات کے مستقل خاتمے اور صفائی مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کے افسران ڈیوٹی اوقات سے بڑھ کر فیلڈ میں موجود رہیں گے اور مہمات کی نگرانی خود کریں گے۔
کمشنر پشاور کی زیر صدارت اجلاس میں تجاوزات کے خاتمے اور صفائی مہم کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ افسران بغیر اضافی مراعات کے ذاتی طور پر فیلڈ میں رہ کر کارروائیوں کی نگرانی کریں گے، جبکہ دونوں مہمات کے لیے دستیاب تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ تجاوزات کے خاتمے اور صفائی کے عمل کو کامیاب بنانے کے لیے عوامی تعاون حاصل کیا جائے۔ میڈیا اور علمائے کرام کے ذریعے شہریوں میں صفائی برقرار رکھنے، عوامی مقامات کو تجاوزات سے محفوظ رکھنے اور ذمہ دارانہ شہری رویوں کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جائے گا۔
کمشنر پشاور خالد محمود نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کو تجاوزات اور گندگی سے پاک کرکے خوبصورت اور صاف ستھرا شہر بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مہمات کو محض عارضی کارروائی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ مستقل بنیادوں پر نگرانی اور عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کے خاتمے اور صفائی مہم میں تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ بہتر بنایا جائے گا، جبکہ فیلڈ افسران کی کارکردگی کا جائزہ یومیہ رپورٹس اور موقع پر دوروں کے ذریعے لیا جائے گا۔