ملک کے شمالی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں صبح کے اوقات میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
موسم کی پیشگوئی کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی علاقوں میں مطلع ابر آلود اور موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔
منگل کے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں بادل چھائے رہنے کے ساتھ صبح اور رات کے اوقات میں سردی محسوس کی جائے گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہے گا، تاہم صبح اور رات کے اوقات میں خنکی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور صبح و رات کے اوقات میں موسم سرد رہے گا۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان اور کرم میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت اور گردونواح میں رات کے دوران ہلکی بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ اور گردونواح میں صبح کے اوقات میں ہلکی دھند اور سموگ پڑنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں دن کے اوقات میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، تاہم شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی متوقع ہے۔ رات کے دوران چمن، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ گرج چمک اور ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم سرد رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان کے چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔
