جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ایک دکان سے چوری ہونے والی سوئس لگژری گھڑی پراسرار انداز میں واپس پہنچا دی گئی۔ گھڑی کے ساتھ ہاتھ سے لکھا ہوا معذرت نامہ بھی موجود تھا، تاہم اسے واپس کرنے والے شخص کی شناخت سامنے نہیں آ سکی۔
مقامی میڈیا کے مطابق گھڑی کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 90 ہزار ڈالر ہے۔ گزشتہ ہفتے ایک شخص گاہک بن کر دکان میں داخل ہوا اور آڈیمار پیگے برانڈ کی گھڑی دیکھنے کے لیے مانگی۔ اس نے گھڑی کلائی پر پہنی اور موقع ملتے ہی دکان سے فرار ہوگیا۔
واقعے نے اس وقت نیا رخ اختیار کیا جب دکان کو ایک پارسل موصول ہوا۔ اس میں وہی چوری شدہ گھڑی اور ہاتھ سے لکھا ہوا معذرت نامہ موجود تھا۔ جاپانی اخبار اور دیگر مقامی میڈیا نے تحقیقاتی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ گھڑی کے سیریل نمبر سے اس کی چوری شدہ ہونے کی تصدیق ہوئی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کی جانب سے رابطہ کرنے پر دکان کی انتظامیہ نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا، جبکہ ٹوکیو پولیس اب بھی چوری کے شبے میں مفرور شخص کی تلاش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال اگست میں بھی اسی شاپنگ کمپلیکس کی ایک دوسری دکان سے 4 لگژری گھڑیاں چوری ہوئی تھیں۔ ان گھڑیوں کی مجموعی مالیت 20 کروڑ جاپانی ین، یعنی تقریباً 13 لاکھ ڈالر بتائی گئی تھی۔