پاکستانی ڈرامہ ’درِ نجات‘ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ بھارت میں بھی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ بھارتی ناظرین بھی اس ڈرامے کی کہانی اور کرداروں پر تبصرے کر رہے ہیں، جبکہ کئی معروف شخصیات اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز بھی اس کی تعریف کرچکے ہیں۔
اب بھارتی مداحوں کے درمیان ڈرامے کے کردار ابو بکر کو لے کر ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ ایک بھارتی صارف نے فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ میں اجے دیوگن کے ادا کردہ کردار ونراج کا موازنہ ’درِ نجات‘ کے ابو بکر سے کردیا۔
صارف کا کہنا تھا کہ بھارتی فلمی دنیا میں 1990 کی دہائی میں بھی ایسا ہی کردار موجود تھا، جس کی خصوصیات ابو بکر سے ملتی جلتی ہیں۔ تاہم اس موازنے پر ڈرامے کے بھارتی مداحوں نے اتفاق نہیں کیا۔ کئی صارفین نے دونوں کرداروں کو مختلف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابو بکر کا کردار اپنی الگ پہچان رکھتا ہے۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ دونوں کہانیوں کا پس منظر مختلف ہے اور سلمان کا کردار زمیل جیسا نہیں تھا۔ ایک اور صارف نے کہا کہ ہر اچھی چیز کو اپنے نام کرنے کی ضرورت نہیں، ابو بکر ایک منفرد کردار ہے۔ یوں پاکستانی ڈرامے کے ایک کردار نے سرحد پار بھی سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔