حب الوطنی کی فلم یا رومانوی پارٹی؟ سلمان خان کے نئے گانے نے بحث چھیڑ دی

حب الوطنی کی فلم یا رومانوی پارٹی؟ سلمان خان کے نئے گانے نے بحث چھیڑ دی

بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان اپنی نئی فلم کے ایک رومانوی گانے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کر رہے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کی کہانی بھارت اور چین کے درمیان گلوان وادی میں ہونے والی فوجی جھڑپ سے متاثر ہے، لیکن اس میں شامل رومانوی گانے نے ناظرین کے ذہنوں میں کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

سلمان خان کی آنے والی فلم ’ماتروبھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘ کا گانا ’تیری سیکسی بیوٹی‘ 4 نومبر کو ریلیز کیا گیا۔ اس گانے کے ذریعے سلمان خان نے تقریباً 11 سال بعد پلے بیک گلوکاری میں بھی واپسی کی ہے۔

گانے کی ویڈیو میں سلمان خان کے ساتھ اداکارہ چترانگدا سنگھ دکھائی دیتی ہیں۔ دونوں کو رومانوی اور شوخ انداز میں وقت گزارتے، مشروبات سے لطف اندوز ہوتے اور رقص کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ چترانگدا سنگھ سرخ ساڑھی میں نظر آتی ہیں۔

سلمان خان نے گانے کی ریلیز کا اعلان بھی ایک دلچسپ کیپشن کے ساتھ کیا، جس میں صبح کی پرواز، دو مشروبات اور اپنی ’سیکسی بیوٹی‘ کا ذکر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:دوسروں کی بیٹیوں کو اخلاقیات کا درس، اپنی بیٹی کی ویڈیوز پر خلیل الرحمٰن قمر خاموش

تاہم گانا ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی۔ ناظرین کے ایک حصے نے سوال اٹھایا کہ آخر ایک فوجی اور حب الوطنی پر مبنی فلم میں اس نوعیت کے رومانوی گانے کی کیا ضرورت تھی؟

گلوان کے شہدا کی کہانی میں رومانوی گانا کیوں؟

سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا بنیادی نکتہ فلم کا موضوع ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ جب فلم 2020 کے گلوان فوجی تصادم اور اس میں ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کی قربانیوں سے متاثر ہے تو اس میں زیادہ سنجیدہ اور حب الوطنی پر مبنی موسیقی کی توقع کی جارہی تھی۔

ایک صارف نے کرنل بِکّوملّا سنتوش بابو اور گلوان واقعے میں ہلاک ہونے والے دیگر 19 بھارتی فوجیوں کی قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے گانے میں شراب اور عورت کی خوبصورتی سے متعلق بول شامل کرنے پر سوال اٹھایا۔

ایک اور صارف نے کہا کہ ایسی حساس فوجی تاریخ پر مبنی فلم میں ناظرین حب الوطنی سے بھرپور گانوں کی توقع رکھتے ہیں۔

سلمان خان کی گلوکاری اور گانے کے بول بھی طنزیہ تبصروں کی زد میں آگئے۔ ایک صارف نے گانے کے بولوں کا موازنہ چیٹ جی پی ٹی سے کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے انہیں مصنوعی ذہانت سے لکھوایا گیا ہو۔

ایک صارف نے سلمان خان کو مزید ایسی فلمیں بنانے کے بجائے ریٹائر ہونے کا مشورہ بھی دے دیا، جبکہ گانے میں بار بار پرواز کا ذکر آنے پر ایک شخص نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ بھائی، اب آپ بس اُڑ ہی جائیں۔

تاہم تمام ردعمل منفی نہیں تھا۔ سلمان خان کے بعض مداحوں نے گانے کی دھن کو پسند کیا اور ان کی گلوکاری میں واپسی کا خیرمقدم بھی کیا۔

کیا ہے فلم کی کہانی؟

فلم ’ماتروبھومی: مے وار ریسٹ اِن پیس‘ کا ابتدائی نام ’بیٹل آف گلوان‘ تھا۔ اس کی کہانی جون 2020 میں بھارت اور چین کے فوجیوں کے درمیان گلوان وادی میں ہونے والی جھڑپ سے متاثر ہے۔

اس واقعے میں بھارتی فوج کے کرنل بِکّوملّا سنتوش بابو سمیت 20 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

فلم میں سلمان خان ایک فوجی افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ چترانگدا سنگھ ان کی اہلیہ کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

اب سوال یہ ہے کہ کیا حب الوطنی پر مبنی فلم میں رومانوی گانے کی موجودگی واقعی کہانی کے مزاج سے میل نہیں کھاتی، یا یہ فلم میں کرداروں کی ذاتی زندگی دکھانے کا ایک معمول کا حصہ ہے؟ سوشل میڈیا پر اسی موضوع پر بحث جاری ہے۔

editor

Related Articles