2 دہائیوں سے گم نایاب پینٹنگ کیسے ملی؟ اے آئی نے پولیس کا کام آسان کردیا

2 دہائیوں سے گم نایاب پینٹنگ کیسے ملی؟ اے آئی نے پولیس کا کام آسان کردیا

اٹلی میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) نے ایک ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس نے سب کو حیران کردیا۔ تقریباً 20 سال قبل چرچ سے چوری ہونے والی 17ویں صدی کی ایک نایاب پینٹنگ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بازیاب کرلی گئی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ چوروں نے پینٹنگ میں موجود مذہبی شخصیت سینٹ ایگنس کی تصویر کو تبدیل کرکے اسے ایک عام نوجوان خاتون کی تصویر جیسا بنا دیا تھا، لیکن مصنوعی ذہانت نے اس تبدیلی کے باوجود اصل فن پارے کی شناخت کرلی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پینٹنگ 11 اگست 2004 کو اٹلی کے شہر نیپلز کے قریب واقع ایک چرچ سے چوری ہوئی تھی۔ تقریباً 2 دہائیوں تک اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

اس فن پارے کی بازیابی کی کہانی اکتوبر 2024 میں شروع ہوئی، جب اٹلی کے شہر پارما میں قدیم نوادرات کے سالانہ میلے کے دوران پولیس اہلکار مختلف پینٹنگز کی تصاویر لے کر انہیں ڈیٹا بیس میں شامل کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کے فیصلوں پر بریک لگانے کی تیاری، اب من مانی نہیں چلے گی ، ڈیموکریٹس نے بڑا علان کر دیا

اسی دوران مصنوعی ذہانت کے نظام نے ایک مشکوک پینٹنگ کی نشاندہی کردی۔ بعد ازاں اس کے رنگوں، نقش و نگار اور ساخت کا موازنہ کرکے معلوم کیا گیا کہ یہ وہی چوری شدہ تاریخی فن پارہ ہے۔

اے آئی کیسے چوری شدہ فن پارے تلاش کرتی ہے؟

اٹلی کی پولیس نے 2020 میں چوری شدہ فن پاروں کی شناخت کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک خصوصی نظام تیار کرنا شروع کیا تھا، جسے اسٹولن ورکس آف آرٹ ڈیٹیکشن سسٹم کا نام دیا گیا۔ اسے نومبر 2023 میں متعارف کرایا گیا۔

یہ نظام انٹرنیٹ، آن لائن نیلام گھروں اور مختلف تجارتی ویب سائٹس پر موجود تصاویر کا پولیس کے ڈیٹا بیس میں محفوظ چوری شدہ فن پاروں سے موازنہ کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:گوادر کے ساحل پر سمندر کی نایاب مخلوق کی پراسرار موت

حکام کے مطابق یہ ٹیکنالوجی اب تک 300 سے زائد بڑی پینٹنگز اور مجسموں سمیت ایک لاکھ 65 ہزار سے زیادہ دیگر نوادرات کی بازیابی میں مدد دے چکی ہے۔ بازیاب ہونے والی اشیا کی مجموعی مالیت 20 کروڑ 30 لاکھ یورو سے تجاوز کرچکی ہے۔

تحقیقات مکمل ہونے کے بعد 20 مئی 2025 کو پینٹنگ متعلقہ چرچ کے حوالے کردی گئی۔ اب اس کی بحالی کا کام کیا جائے گا، جس کے بعد اسے دوبارہ چرچ میں اس کی اصل جگہ پر آویزاں کیا جائے گا۔یوں تقریباً 20 سال تک گم رہنے والا تاریخی فن پارہ بالآخر مصنوعی ذہانت کی مدد سے اپنے اصل مقام تک واپس پہنچ گیا۔

editor

Related Articles