اسلام آباد میں شکر پڑیاں جنگل کی بحالی اور جدید سفاری پارک بنانے کا بڑا منصوبہ جلد شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد میں شکر پڑیاں جنگل کی بحالی اور جدید سفاری پارک بنانے کا بڑا منصوبہ جلد شروع کرنے کا اعلان

مارگلہ روڈ توسیعی منصوبہ چند ہفتوں میں مکمل کر لیں گے، اپریل کی ڈیڈ لائن سے پہلے سنگجانی انٹرچینج بھی فعال ہو جائے گا، محسن نقوی

ایران ایونیو کو ایم ون موٹروے سے منسلک کرنے سے خیبرپختونخوا سے آنے اور اسلام آباد ایئرپورٹ جانے والے مسافروں کو بڑا سفری ریلیف ملے گا، 5 کلومیٹر طویل منصوبے سے دو صوبوں اور وفاق کے عوام مستفید ہوں گے، شکر پڑیاں جنگل کی بحالی اور اسلام آباد میں جدید سفاری پارک بنانے کا بڑا منصوبہ بھی جلد شروع کیا جائے گا، بیرون ملک سے سیاح بھی اسلام آباد آئیں گے، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مارگلہ روڈ توسیعی منصوبے اور سنگجانی انٹرچینج کو مقررہ ڈیڈ لائن سے بہت پہلے آئندہ چند ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا، منصوبے کی تکمیل سے مارگلہ روڈ براہ راست ایم ون موٹروے سے منسلک ہو جائے گی جس سے خیبرپختونخوا سے اسلام آباد آنے اور ایئرپورٹ جانے والے مسافروں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی جبکہ دو صوبوں اور وفاق کے عوام کو آمدورفت میں نمایاں آسانی ہوگی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنی مصروفیات سے وقت نکال کر مارگلہ روڈ توسیعی منصوبے اور سنگجانی انٹرچینج پر جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے سنگجانی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر منصوبوں پر کام کرنے والے انجینئرز نے انہیں تعمیراتی سرگرمیوں، پیش رفت اور منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین سی ڈی اے اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر داخلہ نے موقع پر جاری کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو تعمیراتی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
یہ بھی پڑھیں:فضل الرحمان کا سرکاری اراضی پر بڑا ڈاکہ: راشد سومرو کے زیرِ اثر منگھوپیر کے مدرسے کی 25 ایکڑ قیمتی زمین پر غیر قانونی قبضے کی ویڈیو منظرِ عام پر آ گئی

اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ مارگلہ روڈ توسیعی منصوبے کو ڈیڈ لائن سے بہت پہلے مکمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں یہ منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل کی مقررہ ڈیڈ لائن اپریل ہے، تاہم تعمیراتی کام کی رفتار کو دیکھتے ہوئے توقع ہے کہ اسے اپریل سے کافی پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران ایونیو کو موٹروے سے منسلک کیا جا رہا ہے، جس سے بالخصوص خیبرپختونخوا سے اسلام آباد آنے والے اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ جانے والے مسافروں کو فائدہ پہنچے گا۔ سنگجانی انٹرچینج کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد مسافروں کو اپنے علاقوں تک پہنچنے کے لیے بہتر اور آسان راستہ میسر آئے گا جبکہ موجودہ سفری مشکلات میں بھی کمی آئے گی۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ تقریباً پانچ کلومیٹر طویل یہ منصوبہ علاقائی رابطوں کو بہتر بنانے کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے۔ اس کی تکمیل سے وفاقی دارالحکومت اور خیبرپختونخوا سمیت دو صوبوں کے عوام کو براہ راست سفری سہولت حاصل ہوگی۔ مارگلہ روڈ کو ایم ون موٹروے سے منسلک کرنے سے اسلام آباد آنے اور شہر سے باہر جانے والے ٹریفک کے لیے بھی بہتر رابطہ میسر آئے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ حکومت اسلام آباد کو نہ صرف جدید انفراسٹرکچر کا حامل شہر بنانے بلکہ اسے ملک کا اہم سیاحتی مرکز بنانے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں شکر پڑیاں جنگل کی بحالی کا سب سے بڑا منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا، جس سے اسلام آباد کے قدرتی حسن، سرسبز ماحول اور تفریحی مقامات کو بحال کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے اسلام آباد میں جدید سفاری پارک کے قیام کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد پاکستان کے شہریوں کو سیر و تفریح کے لیے بیرون ملک جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ اسلام آباد ہی میں انہیں تفریح کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ سفاری پارک کے قیام کے بعد پاکستان کے ہر شہری کی اسلام آباد آنے میں دلچسپی بڑھے گی اور ملک کے مختلف علاقوں سے لوگ اس تفریحی مقام کو دیکھنے کے لیے وفاقی دارالحکومت کا رخ کریں گے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اسلام آباد کا سفاری پارک صرف مقامی شہریوں کے لیے ہی نہیں بلکہ بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کے لیے بھی ایک اہم تفریحی مرکز ثابت ہوگا۔ غیر ملکی سیاح یہاں ایک یا دو روز قیام بھی کر سکیں گے، جس سے اسلام آباد کی سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

محسن نقوی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی دارالحکومت میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کو ایک جدید، خوبصورت اور پرکشش سیاحتی شہر بنانے کا ہدف بھی حاصل کیا جا سکے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles