صوبہ پنجاب کی تحصیل بھکر کے شہر کلور کوٹ میں ٹریکٹر ٹرالی الٹنے سے 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ہیڈ بالی اڈا کے قریب ہیتو خسرو روڈ پر افسوسناک حادثہ پیش آیا، حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں جبکہ متعدد خواتین اور بچے زخمی بھی ہوئے ہیں ۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹریکٹر ٹرالی پر سوار افراد ٹانک سے سرگودھا جا رہے تھے ، پٹرولنگ پولیس قریشیانوالہ نے زخمیوں کو ٹریکٹر ٹرالی سے نکال کر ریسکیو 1122 کے ذریعے ہسپتال منتقل کردیا۔
پولیس حکام نے مزید بتایا کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔