سی ای او آزاد ڈیجیٹل کو دھمکیاں دینے والے شاید خود کو قانون سے بالاتر سمجھ بیٹھے ہیں،سوشل میڈیا صارفین

سی ای او آزاد ڈیجیٹل کو دھمکیاں دینے والے شاید خود کو قانون سے بالاتر سمجھ بیٹھے ہیں،سوشل میڈیا صارفین

آزاد ڈیجیٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مصور عباسی اور ان کے اہلِ خانہ کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں دینے کے معاملے پر صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھمکیاں دینے والے عناصر شاید خود کو قانون سے بالاتر سمجھ بیٹھے ہیں، تاہم کسی کو بھی قانون سے استثنیٰ حاصل نہیں ہونا چاہیے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اختلافِ رائے کا جواب دھونس، بلیک میلنگ اور صحافیوں کے اہلِ خانہ کو خوفزدہ کرکے دینا بزدلی کی انتہا ہے۔ کسی صحافی کی رپورٹنگ، مؤقف یا تنقید سے اختلاف کی صورت میں قانونی اور جمہوری راستے اختیار کیے جانے چاہئیں، نہ کہ اسے اور اس کے خاندان کو دھمکیوں کے ذریعے دباؤ میں لانے کی کوشش کی جائے۔

صارفین کے مطابق سوشل میڈیا پر دھمکیوں اور ہراسانی کا بازار گرم کرنے والوں کو اب قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔ کسی بھی سیاسی جماعت، گروہ یا فرد کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنی مرضی کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو دھمکیوں اور دباؤ کے ذریعے خاموش کرائے۔

یہ بھی پڑھیں :سی ای او آزاد ڈیجیٹل  کو  سنگین دھمکیاں  فیس بک انتظامیہ نے این سی سی آئی اے کو جے یو آئی کے ڈیڑھ سو بڑے سوشل میڈیاکی لوکیشنز   اور تفصیلات  فراہم کردیں ،بڑا آپریشن متوقع

ان کا کہنا ہے کہ یاد رکھنا چاہیے کہ نہ دھمکیوں سے آوازیں دبائی جا سکتی ہیں اور نہ ہی کسی کو احتساب سے بچایا جا سکتا ہے۔ صحافیوں کو اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران تحفظ فراہم کرنا ریاست اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے مطالبہ کیا ہے کہ مصور عباسی اور ان کے اہلِ خانہ کو دھمکیاں دینے کے معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

صارفین نے مزید کہا کہ قانون کی گرفت سب کے لیے برابر ہونی چاہیے، چاہے دھمکیاں دینے والے کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت، تنظیم یا گروہ سے ہو۔ صحافتی آزادی، شہریوں کے تحفظ اور اظہارِ رائے کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے

editor

Related Articles