آزاد ڈیجیٹل کے سی ای او کو جے یو آئی کے سوشل میڈیا ارکان کی دھمکیاں، این سی سی آئی اے کا ملک گیر بڑا آپریشن جاری، متعدد گرفتار، سینکڑوں روپوش

آزاد ڈیجیٹل کے سی ای او کو جے یو آئی کے سوشل میڈیا ارکان کی دھمکیاں، این سی سی آئی اے کا ملک گیر بڑا آپریشن جاری، متعدد گرفتار، سینکڑوں روپوش

 آزاد ڈیجیٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر  مصوّر عباسی، ان کے اہلِ خانہ اور ادارے کے ملازمین کو  جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے، ہراساں کرنے اور سوشل میڈیا پر کردار کشی کے معاملے میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ رات گئے مزید آپریشن کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق آزاد ڈیجیٹل کے سی ای او کو جمعیت علمائے اسلام (ف) سے وابستہ بعض سوشل میڈیا کارکنوں کی جانب سے مبینہ دھمکیوں کے معاملے پر مختلف شہروں میں کارروائیاں کی گئی ہیں۔

اس سے قبل این سی سی آئی اے کی ٹیموں نے اسلام آباد، راولپنڈی، مری، لاہور اور کراچی میں مجموعی طور پر 17 چھاپے مارے تھے۔ کارروائیوں کے دوران 11 مشتبہ افراد کی شناخت اور 2 ملزمان کی گرفتاری کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جبکہ دیگر 9 افراد کی تلاش جاری ہے۔ 

دوسری جانب یہ اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں کہ این سی سی آئی اے کی کارروائیوں کے بعد جمعیت علمائے اسلام (ف) سے منسوب  سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے متنازع اور دھمکی آمیز پوسٹس ڈیلیٹ کی جا رہی ہیں۔

آپریشن کے  خبر ملنے کے بعد  بڑی تعداد میں کارکنوں کے روپوش ہونے  کی اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں۔ 

آزاد ڈیجیٹل کے سی ای او اور ان کے اہلِ خانہ کو مبینہ دھمکیوں کا معاملہ آزادیٔ اظہار، صحافیوں کے تحفظ اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہراسانی کے تناظر میں اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ دیگر مشتبہ افراد کے خلاف مزید قانونی کارروائیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

Related Articles