ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

بجلی کے 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بڑا ریلیف سامنے آنے کا امکان ہے، حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں بجلی اور گیس کے بلوں پر دی جانے والی سبسڈی مزید 6 ماہ تک برقرار رکھی جا سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوششوں میں اہم پیش رفت متوقع ہے، جس کے تحت 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو دی جانے والی سبسڈی 30 جون 2027 تک جاری رہنے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے موجودہ سبسڈی 31 دسمبر 2026 کو ختم ہونا تھی، تاہم حکومتی کوششوں کے باعث اس مدت میں مزید 6 ماہ کی توسیع متوقع ہے۔

اس سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت کو یکم جنوری 2027 سے 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی سبسڈی ختم کرنے کا ہدف دیا تھا، تاہم اب اس ہدف پر عمل درآمد یکم جولائی 2027 تک مؤخر کیے جانے کی توقع ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے حکومت کو ہدف دیا ہے کہ 200 یونٹ تک بجلی پر دی جانے والی سبسڈی صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ مستحقین تک محدود کی جائے۔

اسی طرح گیس کے کم استعمال پر دی جانے والی حکومتی سبسڈی بھی آئندہ صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ صارفین تک محدود رکھی جائے گی۔

حکومتی کوششیں کامیاب ہونے کی صورت میں بجلی اور گیس کے صارفین کو موجودہ سبسڈی اور ریلیف مزید 6 ماہ تک ملنے کا امکان ہے۔

Related Articles