برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے اپنی غیر معمولی آواز کے ذریعے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنا لی۔ برینڈا ولیسن نے 105.9 ڈیسی بل کی آواز میں چیخ کر دنیا کی بلند ترین آواز والی خاتون کا اعزاز حاصل کرلیا۔
برینڈا ولیسن نے یہ ریکارڈ بنانے کے لیے 9 ستمبر کو باضابطہ کوشش کی اور روایتی انداز میں ’اوییز‘ (Oyez) کا نعرہ لگایا۔ ان کی آواز کی شدت 105.9 ڈیسی بل ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد انہیں دو عالمی ریکارڈز سے نوازا گیا۔
ان میں پہلا ریکارڈ دنیا کی بلند ترین آواز والی خاتون ٹاؤن کرائر کا ہے، جبکہ دوسرا خواتین کی کیٹیگری میں کسی فرد کی جانب سے بلند ترین چیخ کا ریکارڈ ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ’اوییز‘ کوئی عام لفظ نہیں بلکہ ٹاؤن کرائرز اسے عوامی اعلانات کے آغاز میں لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اس کا مطلب ’سنیے‘ یا ’توجہ فرمائیے‘ ہے اور اس کی ابتدا اینگلو نارمن یا قدیم فرانسیسی زبان سے ہوئی ہے۔
برینڈا ولیسن کے مطابق انہیں محسوس ہوتا ہے کہ ریکارڈ بنانے کی کوشش کے دوران بھی ان کی آواز اپنی ممکنہ بلند ترین سطح تک نہیں پہنچی تھی۔
واضح رہے کہ برینڈا نے 1987 میں برطانیہ کے شہر پیٹربورو میں ٹاؤن کرائر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور وہ تقریباً4 دہائیوں سے اس شعبے سے وابستہ ہیں۔