پاکستان میں کرپٹو اثاثوں کی چوری کے واقعات کے بعد ورچوئل اثاثہ جات کے صارفین کے تحفظ، سائبر سیکیورٹی، سرمایہ کاروں کی آگاہی اور ڈیجیٹل اثاثوں کی صنعت میں شفافیت کے فروغ کے لیے ورچوئل اثاثہ جات الائنس آف پاکستان (ویپ) کے باضابطہ قیام کا اعلان کردیا گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الائنس کے عہدیداروں نے تنظیم کے قیام، بنیادی مقاصد اور مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق تفصیلات پیش کیں۔
اس موقع پر ایشیا ویب تھری الائنس جاپان کی بانی ہنزہ آصف کو ورچوئل اثاثہ جات الائنس آف پاکستان کی پہلی چیئرپرسن جبکہ ایچ ٹی ایکس کے کنٹری منیجر سید احتشام حمدانی کو سینئر وائس چیئرمین مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید احتشام حمدانی نے کہا کہ پاکستان کرپٹو کرنسی اپنانے کے عالمی اشاریے میں دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر ہے، تاہم ملک میں کرپٹو صارفین کی تعداد دو کروڑ ہونے سے متعلق سامنے آنے والے اعدادوشمار کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں کرپٹو صارفین کی حقیقی تعداد سے متعلق مستند اور آزادانہ طور پر تصدیق شدہ اعدادوشمار دستیاب نہیں، اس لیے الائنس کے اہم مقاصد میں صارفین سے متعلق قابل اعتماد معلومات اور اعدادوشمار جمع کرنا بھی شامل ہے۔
سید احتشام حمدانی کے مطابق ورچوئل اثاثہ جات الائنس آف پاکستان سرمایہ کاروں اور صارفین میں آگاہی پیدا کرنے، سائبر سیکیورٹی کی تعلیم کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل اثاثوں کی صنعت میں شفاف اور ذمہ دارانہ سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کام کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ الائنس کے ذریعے عالمی سطح پر حاصل ہونے والے تجربات سے پاکستان کی ڈیجیٹل اثاثہ صنعت کو مستفید کیا جائے گا، جبکہ آزادانہ تحقیق اور مقامی اداروں کے درمیان تعاون کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام میں صنعت سے وابستہ ماہرین اور اہم شخصیات بھی شامل ہیں، جن کے تعاون سے ورچوئل اثاثوں سے متعلق آگاہی اور ذمہ دارانہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔
سید احتشام حمدانی نے واضح کیا کہ ورچوئل اثاثہ جات الائنس آف پاکستان کو کسی قسم کے ریگولیٹری اختیارات حاصل نہیں اور نہ ہی اسے حکومتی توثیق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ الائنس کا کردار مارکیٹ میں ذمہ دارانہ سرگرمیوں، آزادانہ تحقیق اور شواہد پر مبنی پالیسی مکالمے کو فروغ دینے تک محدود ہوگا۔
الائنس کے قیام کا بنیادی مقصد پاکستان میں ورچوئل اثاثوں کی صنعت کو زیادہ شفاف، ذمہ دار اور مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ فریقین کے درمیان تعاون بڑھانا اور صارفین کو ڈیجیٹل اثاثوں سے متعلق خطرات اور حفاظتی اقدامات سے آگاہ کرنا ہے۔
