خلیجی ملک کا نیا قانون، فری لانسرز کے لئے خوشخبری

خلیجی ملک کا نیا قانون، فری لانسرز کے لئے خوشخبری

 خلیجی ملک کویت نے فری لانس کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اہل شہریوں کو روایتی دفتر یا تجارتی احاطے کے بغیر کاروبار قائم کرنے اور چلانے کی اجازت دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کویت کی وزارت تجارت و صنعت نے فری لانس کاروباری سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے دو نئے وزارتی فیصلے جاری کیے ہیں، جن کے تحت مخصوص شرائط پوری کرنے والے افراد کو مستقل تجارتی احاطہ قائم کیے بغیر کاروبار کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

نئے ضوابط کے مطابق کویتی شہری واحد شخصی کمپنی قائم کرسکیں گے اور انہیں کاروباری سرگرمیوں کے لیے روایتی تجارتی دفتر یا دکان برقرار رکھنے کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

وزارت تجارت و صنعت کے مطابق کاروباری لائسنس کے حصول کے لیے درخواستیں کویت بزنس سینٹر، ساحل اور ساحل بزنس ایپلی کیشنز سمیت وزارت کے منظور شدہ دیگر ذرائع سے جمع کرائی جاسکیں گی۔

نئے قوانین کے تحت کاروبار کا اندراج واحد رکنی کمپنی کے طور پر کرانا ضروری ہوگا، جبکہ کمپنی قائم کرنے والا شخص ہی اس کے مینیجر کے فرائض بھی انجام دے گا۔

کاروبار شروع کرنے کے لیے اہم شرائط

کویتی حکام کی جانب سے مقرر کردہ شرائط کے مطابق درخواست گزار کا کویتی شہری ہونا ضروری ہے، جبکہ اس کی عمر کم از کم 21 سال اور اسے مکمل قانونی اہلیت حاصل ہونی چاہیے۔

اسی طرح درخواست گزار کو کسی سنگین جرم یا بددیانتی اور خیانت سے متعلق جرم میں حتمی قید کی سزا نہ ہوئی ہو، تاہم قانونی طور پر حیثیت بحال ہونے کی صورت میں درخواست دینے کی اجازت ہوگی۔

ضوابط کے مطابق کمپنی کے لیے ایک متعین پتہ، پوسٹ آفس باکس یا پبلک اتھارٹی فار سول انفارمیشن (PACI) کے پاس رجسٹرڈ ای میل ایڈریس ہونا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔

اگر کسی نجی رہائش گاہ کو کمپنی کے رجسٹرڈ پتے کے طور پر استعمال کیا جائے تو اس کے لیے جائیداد کے مالک کی پیشگی رضامندی حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

کاروباری لائسنس کی مدت چار سال مقرر

کویتی وزارت تجارت و صنعت کے فیصلوں کے مطابق فری لانس کاروبار کے لیے جاری ہونے والا لائسنس چار سال تک کارآمد ہوگا، جس کی مزید چار چار سال کی مدت کے لیے تجدید کرائی جاسکے گی۔

تاہم جن کاروباری سرگرمیوں کے لیے اضافی ریگولیٹری منظوری درکار ہوگی، ان کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں سے اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگا۔

بینک اکاؤنٹ اور الیکٹرانک ادائیگیاں لازمی

نئے ضوابط کے تحت لائسنس یافتہ کمپنیوں کو اپنے نام پر بینک اکاؤنٹ کھلوانا ہوگا، جبکہ کاروباری لین دین کے لیے سینٹرل بینک آف کویت کی جانب سے منظور شدہ الیکٹرانک ادائیگی کے طریقے استعمال کرنا بھی ضروری ہوگا۔

نئے فیصلوں کے ذریعے اہل کویتی شہریوں کو مستقل تجارتی احاطے کے بغیر فری لانس کاروباری سرگرمیاں انجام دینے کی قانونی سہولت فراہم کی گئی ہے، تاہم کاروبار کے اندراج، لائسنس، بینکاری اور دیگر متعلقہ شرائط کی پابندی لازمی ہوگی۔

Related Articles