وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی کابینہ کے ارکان کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی وزیر کے خلاف کرپشن کی شکایت سامنے آئی تو سخت کارروائی ہوگی اور کسی کو معافی نہیں ملے گی۔
جہلم میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہ کرپشن کے معاملے پر کسی قسم کی رعایت دینے کے لیے تیار نہیں، اگر کسی وزیر کے خلاف بدعنوانی کی شکایت سامنے آئی تو وہ قسم کھاتی ہیں ہرگز معاف نہیں کریں گی۔
انہوں نے کرپشن کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے لوگوں کو اچھی طرح جانتی ہیں جو کرپشن کے خلاف بیانیے بنا رہے ہیں، درحقیقت یہ اپنی اگلی سیاسی ارینجمنٹ کی تیاری میں مصروف ہیں۔ اگر انہیں اعتراضات ہیں تو استعفیٰ کیوں نہیں دیتے؟
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بعض لوگوں کی تربیت ہی ایسے ماحول میں ہوئی جہاں رشوت کے معاملات کو معمول سمجھا جاتا تھا اور پوچھا جاتا تھا کہ کتنی رشوت لینی ہے، لیکن اب ایسے لوگ ملک سے باہر بیٹھے ہیں۔
مریم نواز نے خیبرپختونخوا میں گزشتہ کئی سال کے دوران ہونے والی کرپشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں طویل عرصے تک کرپشن کا بازار گرم رہا، انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کرپشن نہیں ہوتی؟
انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں کو کرپشن پر اعتراض ہے، انہیں یہ بھی بتانا چاہیے کہ وہ خود وزارتوں کے عہدوں پر کیوں فائز ہیں وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی کابینہ کے وزرا کو خبردار کیا کہ بدعنوانی کے معاملے پر ان کی پالیسی واضح ہے اور کسی بھی وزیر کے خلاف شکایت موصول ہونے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
