سندھ طاس معاہدے پر بھارت کی من مانی نہیں چلے گی، پاکستان عالمی محاذ پر ڈٹ گیا

سندھ طاس معاہدے پر بھارت کی من مانی نہیں چلے گی، پاکستان عالمی محاذ پر ڈٹ گیا

سندھ طاس معاہدے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان اختلافات کے تناظر میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور معاہدے پر عمل درآمد سے متعلق معاملے کی سماعت کے لیے پاکستان کے انڈس واٹر کمشنر ویانا پہنچ گئے ہیں۔

وفاقی وزیر آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے کہا ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کے معاملے پر مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے  تاہم پاکستان اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور عالمی سطح پر اس معاملے کو بھرپور انداز میں اٹھائے گا۔

 یہ بھی پڑھیں :سندھ طاس معاہدہ : پاکستان کو بھارت کے خلاف بڑی قانونی کامیابی حاصل

 نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے  وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان نیدرلینڈز میں قائم مصالحتی عدالت میں پہلے ہی مقدمہ جیت چکا ہے۔ اب ویانا میں نیوٹرل ایکسپرٹ کے سامنے سماعت ہوگی  جہاں معاہدے سے متعلق اختلافی امور پر کارروائی آگے بڑھے گی۔

میاں محمد معین وٹو  نے کہا کہ   بھارت کو واضح پیغام دیا جارہا ہے کہ وہ پاکستان کا مؤقف تسلیم کرے  بصورت دیگر آنے والے دنوں میں اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد کا معاملہ اقوام متحدہ میں بھی دوبارہ اٹھایا جائے گا۔ ان کے مطابق بھارت کی جانب سے معاہدے سے متعلق موجودہ طرزعمل زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکتا اور بین الاقوامی معاہدے کی پاسداری ضروری ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :چین سمیت دنیا کی گہری نظر، سندھ طاس معاہدہ تنازعہ بالائی ممالک کیلئے انتباہ بن گیا

انہوں نے زور دیا کہ سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد صرف پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ معاملہ نہیں بلکہ اس سے جڑے بین الاقوامی اصولوں اور معاہدوں کی پاسداری بھی اہمیت رکھتی ہے۔

پاکستان کی جانب سے ویانا میں ہونے والی کارروائی اور اقوام متحدہ میں معاملہ اٹھانے کے اعلان کو سندھ طاس معاہدے پر اپنا مؤقف عالمی سطح پر برقرار رکھنے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔

editor

Related Articles