مشیر صحت خیبر پختونخوا نگار جوہر نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں صحت کارڈ پروگرام بند نہیں کیا گیا اور اس کے تحت مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات معمول کے مطابق فراہم کی جا رہی ہیں۔
اپنے بیان میں نگار جوہر کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کا آڈٹ پروگرام میں موجود خامیوں اور کوتاہیوں کی نشاندہی اور انہیں دور کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد اس اہم عوامی سہولت کو مزید بہتر، شفاف اور مؤثر بنانا ہے،انہوں نے بتایا کہ صحت کارڈ کے تحت فراہم کی جانے والی بعض ادویات کے معیار سے متعلق اعتراضات سامنے آئے تھے، جنہیں دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔
مشیر صحت نے کہا کہ آڈٹ اور ادویات کے معیار کو بہتر بنانے کے اقدامات کا مقصد صحت کارڈ کی سہولیات میں رکاوٹ پیدا کرنا نہیں بلکہ مریضوں کو معیاری علاج کی فراہمی یقینی بنانا ہے،نگار جوہر نے واضح کیا کہ صحت کارڈ کے ذریعے علاج کا سلسلہ جاری ہے اور پروگرام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اصلاحاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
