جہلم میں آرمی مارکس مین شپ یونٹ (اے ایم یو) میں 46ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن (پی اے آر اے) سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس بڑے نشانہ بازی مقابلے کا انعقاد 7 اکتوبر سے 11 نومبر 2026 تک کیا گیا۔
تقریب میں چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بطور مہمان اعزاز شرکت کی۔ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ مختلف مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے نشانہ بازوں اور رنر اپ کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔
46ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن سینٹرل میٹ میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، سول آرمڈ فورسز، سندھ اور پنجاب رینجرز، گلگت بلتستان اسکاؤٹس سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن اور شہریوں کی ٹیموں نے شرکت کی۔ مقابلوں میں مجموعی طور پر 1500 سے زائد نشانہ بازوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
پاک فوج نے انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ جیت لی
چوتھی انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان آرمی نے چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کی، جبکہ پاک فوج کی آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے وزیراعظم اسکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل چیلنج میچ میں کامیابی حاصل کی۔
مقابلوں کا سب سے بڑا فوجی نشانہ بازی اعزاز ’دی ماسٹر ایٹ آرمز‘ ٹرافی (ڈولی کپ) پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمان کو دیا گیا۔ پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ اور انفنٹری اسکواڈ میچ میں بھی کامیابی حاصل کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی نشانہ بازوں کی مہارت کی تعریف
تقریب کے دوران شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نشانہ بازوں کی غیر معمولی مہارت، درست نشانے اور بہترین کارکردگی کو سراہاانہوں نے کہا کہ نشانہ بازی میں مہارت حاصل کرنا ایک پیشہ ور فوجی کی بنیادی پہچان ہے، جبکہ چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال میں مکمل مہارت فوجی تربیت کا لازمی اور بنیادی حصہ برقرار رہنی چاہیے۔
فیلڈ مارشل نے اس بات پر زور دیا کہ پیشہ ورانہ فوجی تربیت میں چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال اور نشانہ بازی کی مہارت کو مرکزی حیثیت حاصل رہنی چاہیے،تقریب میں آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور کمانڈر راولپنڈی کور نے کیا۔
46ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن سینٹرل میٹ میں مختلف مسلح افواج، سول آرمڈ فورسز اور شہری نشانہ بازوں کی شرکت نے مقابلے کو قومی سطح کا بڑا نشانہ بازی ایونٹ بنا دیا۔
