سعودی عرب میں بیماری کی چھٹی کے غلط استعمال اور جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس کے اجرا کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ جاری کردیا گیا ہے۔
سعودی وزارت صحت نے واضح کیا ہے کہ طبی جواز کے بغیر بیماری کی چھٹی حاصل کرنا، میڈیکل ریکارڈ میں ردوبدل اور غیر مجاز اداروں سے سرٹیفکیٹ بنوانا قانونی جرم ہے جس پر بھاری جرمانے اور قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق بیماری کی چھٹی مریض کی طبی حالت اور مستند تشخیص کی بنیاد پر مقررہ ضابطوں کے تحت جاری کی جاتی ہے۔ اس کا دورانیہ مریض کی بیماری، طبی معائنے اور علاج کی ضرورت کو مدنظر رکھ کر طے کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :حکومت کا بڑا تحفہ، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین حج انتظامات کا تاریخی معاہدہ طے پا گیا
وزارت نے واضح کیا کہ بیماری کی چھٹی جاری کرنے کا اختیار متعلقہ ڈاکٹروں اور مجاز طبی اداروں کے پاس ہے۔ اگر کسی مریض کی درخواست معالج کے اختیار سے تجاوز کرتی ہے تو اس کیلئے مزید منظوری ضروری ہوگی۔
ایسی درخواستوں کا جائزہ دوسرے ڈاکٹروں، خصوصی طبی کمیٹیوں یا متعلقہ طبی اداروں کی جانب سے منظور شدہ رہنما اصولوں کے مطابق لیا جاتا ہے۔
بیماری کی چھٹی کے غلط استعمال پر پابندی
سعودی وزارت صحت نے خبردار کیا ہے کہ بیماری کی چھٹی صرف حقیقی طبی ضرورت کے تحت حاصل کی جاسکتی ہے۔ درست طبی جواز کے بغیر سرٹیفکیٹ جاری کرنا، میڈیکل ریکارڈ میں تبدیلی کرنا اور غیر مجاز افراد یا اداروں کے ذریعے چھٹی حاصل کرنا ممنوع ہے۔
وزارت کے مطابق بعض افراد مریضوں کو غیر مستحق فوائد دلانے کیلئے بھی غیر قانونی طریقے استعمال کرتے ہیں۔ ایسے اقدامات میں جعلی میڈیکل دستاویزات تیار کرنا یا بیماری کی چھٹی کے سرٹیفکیٹ میں ردوبدل شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان اور سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز، مشترکہ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کا معاہدہ
حکام نے واضح کیا ہے کہ ان تمام خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
50 ہزار ریال جرمانہ اور لائسنس کی منسوخی
سعودی عرب میں طبی پیشوں کی پریکٹس سے متعلق قانون کے تحت کسی مریض کو غیر مستحق یا غیر قانونی فائدہ پہنچانے میں مدد دینے والے طبی پریکٹیشنر پر 50 ہزار سعودی ریال تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔
جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ پر ایک سال قید
سعودی انسداد جعلسازی قانون کے تحت اپنے اختیار کا غلط استعمال کرتے ہوئے جان بوجھ کر جعلی طبی رپورٹ یا سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے شخص کو ایک سال تک قید اور ایک لاکھ سعودی ریال تک جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔


