پاکستان اور سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز، مشترکہ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کا معاہدہ

پاکستان اور سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز، مشترکہ پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کا معاہدہ

سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل نے پاکستان اور سعودی عرب میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سعودی پاکستان پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیے۔ مجوزہ فنڈ میں دونوں ممالک کے نجی سرمایہ کار مساوی سرمایہ فراہم کریں گے، جبکہ فنڈ کی سرمایہ کاری کا 75 فیصد پاکستان اور 25 فیصد سعودی عرب کے منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر سیکڑوں ملین مالیت کے اس مشترکہ فنڈ کو مستقبل میں مختلف شعبوں میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع کے مطابق وسعت دی جائے گی۔

کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان دوستی اور برادرانہ تعلقات کے ایسے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں جو کسی بھی معاہدے سے کہیں زیادہ گہرے ہیں۔ دونوں ممالک کا تعلق ہمیشہ جذباتی اعتبار سے مضبوط رہا ہے اور یہ فنڈ اس دیرینہ تعلق کو مزید مضبوط تجارتی بنیاد فراہم کرے گا۔

شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کا فطری شراکت دار ہے اور سعودی سرمایہ کار ایسے شراکت داروں اور منڈیوں کی تلاش میں ہیں جہاں وہ اعتماد کے ساتھ ترقی کرسکیں۔ پاکستان کا بغور جائزہ لینے کے بعد اب ہمیں ایک زیادہ مستحکم معیشت اور سرمایہ کاری کے حقیقی مواقع نظر آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کے ذریعے برسوں کے غور و فکر اور مطالعے کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جارہا ہے۔ اس شراکت داری سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے اور باہمی تعاون کی ایک دیرپا بنیاد قائم ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:وفاق سے لڑائی کا انجام صرف تباہی، گورنر راج کا تحفہ معاشی بحالی، پشاور اور لاہور کے درمیان طویل عرصے سے معطل تاریخی فضائی سروس کا باضابطہ افتتاح

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عارف حبیب گروپ کے سربراہ عارف حبیب نے کہا کہ مجوزہ فنڈ پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کا واضح اظہار ہے۔ طویل عرصے سے پاکستان کے بارے میں پائے جانے والے تاثرات نے ملکی معیشت کی اصل صلاحیت اور دستیاب مواقع کو دھندلائے رکھا، تاہم یہ معاہدہ ظاہر کرتا ہے کہ سنجیدہ سرمایہ کار اب حقیقت کی بنیاد پر عملی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔

عارف حبیب کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت پر اعتماد کے اظہار میں پاکستانی سرمایہ کار بھی پیش پیش ہیں اور سعودی سرمایہ کار ہمارے ساتھ مل کر سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ حکومت کے لینڈ بینک کی منیٹائزیشن کے ذریعے سرمائے کا رخ ایسے اثاثوں کی جانب موڑا جاسکے گا جو اس وقت اپنی مکمل معاشی صلاحیت کے مطابق استعمال نہیں ہورہے۔ ان غیر فعال اثاثوں کو پیداواری سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے شہزادہ منصور بن محمد آل سعود اور دونوں ممالک کے دیگر رفقا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان سب نے فنڈ کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے اپنا وقت، تحمل اور خیرسگالی وقف کی۔ ان کے مطابق اس پیش رفت کو پاکستان پر سعودی اور دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کی جانب پہلا قدم سمجھا جانا چاہیے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت قائم ہونے والا مجوزہ مشترکہ فنڈ تیزی سے ترقی کرنے والے نجی کاروباروں میں سرمایہ کاری کرے گا۔ اس سلسلے میں زراعت، کان کنی، تعمیرات اور دیگر صنعتی شعبوں کو ترجیح دی جائے گی۔ فنڈ حکومت پاکستان کے لینڈ بینک کو منیٹائز کرنے کے پروگرام کے تحت سامنے آنے والے تجارتی منصوبوں کا بھی جائزہ لے گا۔

ان منصوبوں میں ہوائی اڈوں، موٹرویز، بندرگاہوں اور بحری شعبے کی ترقی سے متعلق سرمایہ کاری کے مواقع شامل ہوں گے۔ اس اقدام کے ذریعے کم استعمال ہونے والی سرکاری اراضی کی معاشی قدر کو شفاف اور تجارتی بنیادوں پر بروئے کار لانے میں مدد ملے گی، جس سے غیر فعال سرکاری اثاثے معاشی سرگرمیوں اور پیداواری سرمایہ کاری کا حصہ بن سکیں گے۔

مجوزہ فنڈ صرف پاکستان تک محدود نہیں ہوگا بلکہ سعودی عرب میں بھی تجارتی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرے گا، جن میں مقدس شہر بھی شامل ہیں۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کو فنڈ مینجمنٹ کمپنی کی ایکویٹی میں شراکت کی دعوت بھی دی جاسکے گی۔

تقریب میں پاکستان اور سعودی عرب سے سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے اراکین نے شرکت کی، جبکہ پاکستان کی جانب سے کونسل کے شریک چیئرمین اور فاطمہ گروپ کے چیئرمین فواد مختار نے ورچوئلی شرکت کی۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles