پاکستانی اداکارہ میرا کی والدہ اپنی چھوٹی بیٹی شائستہ کے کینسر کے باعث انتقال اور بیماری کے دوران برداشت کی گئی تکالیف کا ذکر کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں میرا کی والدہ نے بتایا کہ شائستہ نے کینسر جیسی جان لیوا بیماری کا بڑی ہمت اور بہادری سے مقابلہ کیا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ان کی صحت بگڑتی چلی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ بیماری کے باعث شائستہ کا بایاں بازو مکمل طور پر کام کرنا چھوڑ چکا تھا۔ تقریباً 3ماہ قبل انہیں شدید خون بہنے کے باعث ہنگامی طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ اس کے بعد دوبارہ صحت یاب نہ ہوسکیں۔
میرا کی والدہ کے مطابق اداکارہ اپنی چھوٹی بہن سے بے حد محبت کرتی تھیں۔ لندن میں تعلیم کے دوران بھی میرا نے شائستہ کی فیس اور دیگر اخراجات کی ذمہ داری خود اٹھائی۔
انہوں نے بتایا کہ بہن کے انتقال کی خبر نے میرا کو شدید صدمے سے دوچار کردیا ہے۔ اداکارہ کی خواہش تھی کہ شائستہ کو علاج کے لیے پاکستان لایا جائے، لیکن ڈاکٹروں نے ان کی نازک طبی حالت کے پیش نظر فضائی سفر کی اجازت نہیں دی تھی۔
بیٹی کی بیماری، تکلیف اور آخری دنوں کو یاد کرتے ہوئے میرا کی والدہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور گفتگو کے دوران آبدیدہ ہوگئیں۔ اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے اداکارہ میرا اور ان کے اہل خانہ کے لیے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا جارہا ہے۔