پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق کے شعبے میں تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، جہاں پاکستانی خلا باز چین کے خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بننے جا رہے ہیں۔
چینی سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ایک پاکستانی خلا باز چین کے انسانی خلائی مشن کا حصہ بنے گا۔ یہ چین کے خلائی پروگرام کی تاریخ میں پہلا موقع ہوگا جب چینی اور غیر ملکی خلا باز مشترکہ طور پر کسی انسانی خلائی مشن میں شرکت کریں گے۔
چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ یہ تاریخی پیش رفت پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اس کے ساتھ دونوں ممالک کے نوجوانوں کو سائنس اور خلائی تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کی نئی ترغیب بھی ملے گی۔
اس مشترکہ مشن سے خلائی ٹیکنالوجی، سائنسی تحقیق اور جدید سائنسی منصوبوں میں دونوں ممالک کے تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔ چینی سفارتخانے نے اس موقع پر دو پاکستانی خلا بازوں کی تصاویر بھی جاری کی ہیں، جنہیں اس اہم مشن کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان کے لیے خلائی تحقیق کے میدان میں ایک اہم سنگ میل سمجھی جا رہی ہے اور عالمی سطح پر پاکستانی خلائی صلاحیتوں کو متعارف کرانے کا ایک نیا موقع بھی فراہم کرے گی۔