پاکستانی اداکارہ عمار خان نے معروف اداکار وہاج علی کی شخصیت اور عاجزانہ رویے کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے پناہ شہرت حاصل کرنے کے باوجود وہ آج بھی پہلے جیسے سادہ مزاج اور نرم دل انسان ہیں۔
وہاج علی اور عمار خان ان دنوں ایک نجی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل میں ساتھ نظر آرہے ہیں، جس میں اداکارہ ماہرہ خان بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ڈرامے میں دونوں اداکاروں کی جوڑی کو ناظرین کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے۔
حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عمار خان نے بتایا کہ وہ وہاج علی کو اس وقت سے جانتی ہیں جب دونوں نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہاج علی نے گزشتہ چند برسوں میں غیر معمولی کامیابی اور مقبولیت حاصل کی، لیکن شہرت نے ان کے مزاج اور رویے میں کوئی تبدیلی نہیں آنے دی۔
عمار خان کے مطابق ڈرامے میں وہاج علی نے جس انداز سے اپنا کردار نبھایا ہے، وہ قابل تعریف ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ اگرچہ کئی دوسرے اداکار بھی اس کردار کو ادا کرسکتے تھے، لیکن وہاج علی نے اسے جس خوبصورتی سے پیش کیا، شاید کوئی اور اس طرح نہ کر پاتا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ وہاج علی نے کامیابی کو کبھی اپنے سر پر سوار نہیں کیا اور نہ ہی ناکامیوں کو خود پر حاوی ہونے دیا۔ وہ آج بھی اسی عاجزی، سادگی اور خوش اخلاقی کے ساتھ سب سے ملتے ہیں، جو ان کی شخصیت کا خاصہ ہے۔
عمار خان کے اس بیان کے بعد ایک بار پھر وہاج علی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ ان کے خوش اخلاق رویے کا بھی ذکر ہونے لگا ہے۔