متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں ‘آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 2026’ کا باقاعدہ آغاز آج (12 نومبر) سے ہو رہا ہے۔
25 نومبر تک جاری رہنے والے اس عالمی میلے میں پاکستان سمیت 10 ممالک کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی، جن کے درمیان مجموعی طور پر 30 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جائیں گے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے شیڈول کے مطابق تمام مقابلے عجمان کے کاروان اسپورٹس کلب کرکٹ گراؤنڈ اور سیون ڈسٹرکٹس اسپورٹس کلب میں منعقد ہوں گے۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کپتان منیبہ علی اور نائب کپتان عائشہ ظفر کی قیادت میں آج بنگلہ دیش کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی ، یہ افتتاحی معرکہ دوپہر 1 بج کر 15 منٹ پر کاروان کرکٹ گراؤنڈ میں شیڈول ہے۔
ٹورنامنٹ میں شریک ٹیمیں
ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے ، گروپ بی میں پاکستان کے ہمراہ بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے شامل ہیں۔
گرین شرٹس اپنے دیگر گروپ میچز 13 نومبر کو تھائی لینڈ، 15 نومبر کو نیدرلینڈز اور 16 نومبر کو زمبابوے کے خلاف کھیلیں گی۔
دوسری جانب گروپ اے میزبان یو اے ای (قیادت عائشہ اوزا)، سری لنکا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور پاپوا نیو گنی پر مشتمل ہے، جہاں یو اے ای اپنا پہلا میچ 13 نومبر کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
اس ایڈیشن میں پہلی بار پانچ مکمل رکن اور پانچ ایسوسی ایٹ ممالک مدِ مقابل ہیں جبکہ ٹیموں کی تعداد بھی 8 سے بڑھا کر 10 کر دی گئی ہے۔ ایونٹ میں تھائی لینڈ کی ٹیم دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے شریک ہے جس نے 2025 میں افتتاحی ٹائٹل جیتا تھا۔
فارمیٹ کے مطابق گروپ مرحلہ 18 نومبر کو مکمل ہوگا، جس کے بعد دونوں گروپس کی تین، تین ٹاپ ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں پہنچیں گی ، سپر سکس میچز 20، 22 اور 23 نومبر کو ہوں گے، جبکہ فائنل 25 نومبر کو کاروان اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کے جنرل منیجر ایونٹس اینڈ آپریشنز گورو سکسینہ کے مطابق اس ٹورنامنٹ کا مقصد خواتین کھلاڑیوں کو زیادہ بین الاقوامی مواقع فراہم کرنا اور ابھرتی ہوئی کرکٹ ٹیموں کو فروغ دینا ہے۔