ری پبلکن گڑھ میں ڈیموکریٹس کی جیت ، مسیسیپی سے 140 سال بعد پہلی بار سیاہ فام سینیٹر منتخب

ری پبلکن گڑھ میں ڈیموکریٹس کی جیت ، مسیسیپی سے 140 سال بعد پہلی بار سیاہ فام سینیٹر منتخب

امریکی سیاست میں ایک بڑا اپ سیٹ سامنے آیا ہے جہاں ریاست مسیسیپی سے ڈیموکریٹک امیدوار اسکاٹ کولم نے سینیٹ کی نشست جیت کر ڈیڑھ صدی پرانی تاریخ بدل دی ہے۔

 وہ 140 سال سے زائد عرصے کے بعد اس ریاست سے منتخب ہونے والے پہلے سیاہ فام سینیٹر بن گئے ہیں، جبکہ ان کی اس جیت نے ری پبلکن پارٹی کی 1982 سے جاری ناقابلِ شکست برتری کا بھی خاتمہ کر دیا ہے۔

کانٹے دار مقابلہ اور ووٹوں کا تناسب

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق انتہائی سخت مقابلے کے بعد سامنے آنے والے نتائج میں مقامی پراسیکیوٹر اسکاٹ کولم نے 49.2 فیصد ووٹ حاصل کر کے موجودہ ری پبلکن سینیٹر سنڈی ہائیڈ اسمتھ کو مات دی، جو 48.7 فیصد ووٹ لے سکیں، جبکہ آزاد امیدوار کے حصے میں 2.1 فیصد ووٹ آئے۔

 یہ بھی پڑھیں :ٹرمپ انتظامیہ کے اہم عہدیداروں کی شامت ؟ڈیموکریٹس نے کانگریس میں احتساب کا محاذ کھولنے کا اعلان کردیا

 یہ نتیجہ اس لیے بھی چونکا دینے والا ہے کیونکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024 کے صدارتی انتخاب میں یہی ریاست 22 فیصد سے زائد کے بھاری مارجن سے جیتی تھی۔

 حامیوں کا جشن

اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے سنڈی ہائیڈ اسمتھ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں نومنتخب سینیٹر کو مبارکباد دیتے کہا کہ اگرچہ نتائج ان کی توقعات کے مطابق نہیں رہے، مگر وہ عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتی ہیں۔

دوسری جانب، ریاستی دارالحکومت جیکسن میں ‘این اے اے سی پی’ (NAACP) کے دفتر میں جشن کا سماں رہا، جہاں تنظیم کے چیئرمین لیون رسل نے اس جیت کو تاریخی سنگِ میل اور سیاہ فام برادری کی منظم مہم کا ثمر قرار دیا۔

مہنگائی، ٹیرف پالیسیاں اور سیاسی اثرات

تجزیہ کاروں کے مطابق اسکاٹ کولم نے عوام کی نبض پر ہاتھ رکھتے ہوئے مہنگائی اور معاشی دباؤ کو اپنی مہم کا محور بنایا اور صدر ٹرمپ کی تجارتی پالیسیوں کی حمایت کرنے پر اپنی حریف کو طنزیہ طور پر ’’سنڈی ہائی پرائسز‘‘ کا لقب دیا۔

یہ بھی پڑھیں :ایران جنگ نے امریکی حکومت کو ہلا کر رکھ دیا، ٹرمپ شکست تسلیم کرکے شرائط مان لیں، محسن رضائی

 رپورٹس کے مطابق ٹیرف پالیسیوں اور ایران جنگ کے باعث پیدا ہونے والی معاشی بے چینی نے ووٹرز کو ری پبلکن امیدواروں سے بدظن کیا ، مسیسیپی کے ساتھ ساتھ ٹیکساس، جنوبی کیرولائنا، کنساس اور آئیووا جیسے روایتی ری پبلکن گڑھوں میں بھی ڈیموکریٹس کی کامیابیوں کو امریکی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles