ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایپل کے نئے اسمارٹ فونز آئی فون ایئر 2 اور آئی فون 18 کے حوالے سے دلچسپ تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر لیک ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دونوں فونز کے ڈمی ماڈلز دکھائے گئے ہیں، جن سے ان کے ممکنہ ڈیزائن اور نئی خصوصیات کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔
تاہم ایپل نے ابھی تک ان دونوں اسمارٹ فونز کے بارے میں باضابطہ اعلان نہیں کیا، اس لیے سامنے آنے والی تفصیلات کو فی الحال لیکس اور ابتدائی اطلاعات ہی سمجھا جارہا ہے۔
آئی فون ایئر 2 میں دو کیمرے ہونے کا امکان
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر کے مطابق ایپل اپنے نئے آئی فون ایئر 2 کو پہلے ماڈل کی طرح انتہائی پتلا رکھنے کی تیاری کررہا ہے۔ فون کے سامنے والے ڈسپلے میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں، تاہم اس کے پچھلے حصے میں کیمرا سیٹ اپ تبدیل ہوسکتا ہے۔
ابتدائی آئی فون ایئر میں صرف ایک 48 میگا پکسل کا مرکزی کیمرا دیا گیا تھا، لیکن نئی لیکس کے مطابق آئی فون ایئر 2 میں دو کیمرے شامل کیے جاسکتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اس میں 48 میگا پکسل کا مرکزی کیمرا برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ اس کے ساتھ 48 میگا پکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرا بھی دیا جاسکتا ہے۔ اس تبدیلی کے باعث فون کا پچھلا کیمرا ماڈیول پہلے سے کچھ زیادہ موٹا ہوسکتا ہے۔
بیٹری اور پراسیسر میں بھی بہتری متوقع
نئے آئی فون ایئر 2 کی بیٹری میں بھی بہتری کی اطلاعات ہیں۔ پہلے ماڈل میں 3149 ایم اے ایچ کی بیٹری موجود تھی، جبکہ نئے فون میں اس سے زیادہ گنجائش والی بیٹری دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
اس کے علاوہ ایک سابقہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئی فون ایئر 2 میں ایپل کا نیا اے 20 سیریز پراسیسر استعمال ہوسکتا ہے۔ اگر یہ اطلاعات درست ثابت ہوئیں تو نیا فون پہلے ماڈل کے مقابلے میں بہتر کارکردگی پیش کرسکتا ہے۔
آئی فون 18 کا ڈیزائن کیسا ہوگا؟
دوسری جانب آئی فون 18 کے ڈمی ماڈل سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا مجموعی ڈیزائن آئی فون 17 سے زیادہ مختلف نہیں ہوگا۔ لیک ہونے والی معلومات کے مطابق نئے آئی فون 18 میں بھی اے 20 چپ سیٹ اور ایپل کا سی 2 موڈیم شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ اس فون کی ابتدائی قیمت تقریباً 899 ڈالر بتائی جارہی ہے، جو آئی فون 17 کی ابتدائی قیمت سے 100 ڈالر زیادہ ہوسکتی ہے۔
آئی فون 18 اور ایئر 2 کب متعارف ہوں گے؟
ایپل نے 2026 میں اپنے آئی فونز متعارف کرانے کے معمول میں تبدیلی کی ہے۔ ستمبر 2026 میں کمپنی آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور اپنے پہلے فولڈ ایبل فون آئی فون ڈو کو پیش کرچکی ہے۔
اب اطلاعات ہیں کہ آئی فون ایئر 2 اور معیاری آئی فون 18 کو مارچ یا اپریل 2027 میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔یاد رہے کہ معیاری آئی فون ماڈل ایپل کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ آئی فون 17 کو عالمی سطح پر سب سے زیادہ فروخت ہونے والے اسمارٹ فونز میں شمار کیا جارہا ہے۔
اگر سامنے آنے والی لیکس درست ثابت ہوئیں تو آئی فون ایئر 2 میں اضافی کیمرا اور بہتر بیٹری جبکہ آئی فون 18 میں نیا پراسیسر صارفین کے لیے اہم تبدیلیاں ثابت ہوسکتی ہیں۔