پنجاب حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کی آبائی اراضی سے متعلقہ سرکاری خدمات ان کے ملکِ قیام میں فراہم کرنے کیلئے اہم اقدام کرتے ہوئے سعودی عرب کے شہر ریاض میں سہولیات کا آغاز کردیا ہے، جس کے تحت سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اب پاکستان آئے بغیر پنجاب میں اپنی جائیداد اور زمین سے متعلق متعدد خدمات حاصل کرسکیں گے۔
پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی، بورڈ آف ریونیو اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے شروع کیے گئے اس منصوبے کے تحت ریاض میں قائم پاکستانی قونصلیٹ میں پنجاب کے شہریوں کو اراضی ریکارڈ اور رجسٹریشن سے متعلق سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس اقدام سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو اپنی زمینوں اور جائیدادوں کے معاملات نمٹانے کیلئے پاکستان آنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اس سہولت کا بنیادی مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اراضی ریکارڈ تک براہ راست رسائی فراہم کرنا، سرکاری امور میں آسانی پیدا کرنا اور جائیداد سے متعلقہ معاملات کیلئے پاکستان آنے جانے کے اخراجات اور وقت کی بچت یقینی بنانا ہے۔ اس اقدام کے ذریعے سرکاری اور ڈیجیٹل نظام کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنی جائیداد کے معاملات میں سہولت فراہم کی جائے گی۔
پنجاب حکومت کے اس منصوبے کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور ان کے اہل خانہ کیلئے ایک اہم سہولت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے انہیں پاکستان میں موجود اپنی آبائی زمینوں اور جائیدادوں کے ریکارڈ، انتقال اور رجسٹریشن جیسے معاملات کیلئے طویل سفر اور اضافی اخراجات سے بچنے میں مدد ملے گی۔
منصوبے میں پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی، بورڈ آف ریونیو اور حکومت پنجاب شامل ہیں، جبکہ اس سہولت کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سرکاری خدمات ان کی موجودہ رہائش کے قریب فراہم کرنے کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔