امریکا میں ماہانہ 8 ہزار ڈالر کمانے والی ایک بھارتی خاتون نے اپنے اخراجات کی تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئر کرکے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ بظاہر اچھی آمدنی کے باوجود امریکا میں رہائش، ٹیکس اور دیگر ضروری اخراجات پورے کرنے کے بعد بچت کرنا آسان نہیں، اسی لیے وہ خود کو متوسط طبقے کا حصہ سمجھتی ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا میں مقیم ماہیما راٹھی نے اپنے بھائی نتن ملہوترا کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں اپنی ماہانہ آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات بتائیں۔
ماہیما کے مطابق ان کی ماہانہ آمدنی تقریباً 8 ہزار ڈالر ہے، جو بھارتی کرنسی میں لگ بھگ 7 لاکھ 50 ہزار روپے بنتی ہے۔ تاہم اس آمدنی کا بڑا حصہ مختلف ضروری اخراجات میں صرف ہوجاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ماہانہ آمدنی میں سے تقریباً 1500 ڈالر ٹیکس کی مد میں ادا کرنا پڑتے ہیں، جبکہ گھر کی قسط پر 2500 ڈالر خرچ ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ کھانے پینے پر 1000 ڈالر، طبی بیمے پر 500 ڈالر اور گاڑی کے بیمے و ایندھن پر مزید 500 ڈالر خرچ ہوجاتے ہیں۔
ماہیما کے مطابق فون، انٹرنیٹ اور گھریلو بلوں کے لیے 500 ڈالر، بچوں کے اخراجات کے لیے 300 ڈالر جبکہ دیگر ضروریات کے لیے 200 ڈالر مختص کرنا پڑتے ہیں۔ ان تمام اخراجات کے بعد ان کے پاس ماہانہ تقریباً 1000 ڈالر بچتے ہیں، جس میں ان کے ذاتی اخراجات بھی شامل نہیں ہیں۔
بھارت میں کم آمدنی کے باوجود زیادہ بچت ہوتی تھی
ماہیما نے اپنی زندگی کا موازنہ بھارت میں گزارے گئے وقت سے کرتے ہوئے بتایا کہ وہاں ان کی سالانہ آمدنی تقریباً 15 لاکھ بھارتی روپے تھی، لیکن اس کے باوجود وہ امریکا کے مقابلے میں زیادہ بچت کرنے میں کامیاب رہتی تھیں۔
ان کے مطابق امریکا میں زیادہ آمدنی کا مطلب لازمی طور پر زیادہ مالی آسودگی نہیں، کیونکہ یہاں رہائش، ٹیکس، انشورنس اور بچوں کے اخراجات آمدنی کا بڑا حصہ لے لیتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی
ماہیما کی جانب سے اخراجات کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھارت اور امریکا میں معیارِ زندگی، قوتِ خرید اور بچت کے امکانات کا موازنہ شروع کردیا۔
بعض صارفین کا کہنا ہے کہ امریکا میں زیادہ آمدنی کے ساتھ بہتر سہولیات بھی میسر ہوتی ہیں، اس لیے صرف بچت کی رقم سے کسی ملک میں معیارِ زندگی کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔
یہ بحث ایک اہم سوال بھی سامنے لاتی ہے کہ کیا زیادہ تنخواہ واقعی بہتر زندگی کی ضمانت ہے، یا اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ تمام اخراجات پورے کرنے کے بعد انسان کے پاس کتنا پیسہ بچتا ہے؟