اسلام آباد میں ای سی او اجلاس کا پہلا روز مکمل، 5302 کے اہداف کل منظور ہوں گے، عباس عراقچی بھی شریک ہوں گے

اسلام آباد میں ای سی او اجلاس کا پہلا روز مکمل، 5302 کے اہداف کل منظور ہوں گے، عباس عراقچی بھی شریک ہوں گے

اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کا پہلا روز اسلام آباد میں مکمل ہوگیا، جس میں تنظیم کے مختلف اداروں کی رپورٹس، سالانہ کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لے کر اہم دستاویزات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ اجلاس کے دوسرے روز ان رپورٹس اور سفارشات کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، جبکہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اسلام آباد میں جاری ای سی او وزرائے کونسل کا دو روزہ اجلاس خطے میں اقتصادی تعاون، علاقائی تجارت اور رکن ممالک کے درمیان روابط کو وسعت دینے کے حوالے سے اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ اجلاس کے پہلے روز 30ویں وزرائے کونسل کے مسودہ ایجنڈے، سیکریٹری جنرل کی سالانہ رپورٹ، کونسل آف پرمننٹ ریپریزنٹیٹوز (سی پی آر) کے اجلاسوں، مختلف شعبہ جاتی وزارتی اجلاسوں اور ای سی او کے مخصوص اداروں کی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ان تمام رپورٹس اور سفارشات کو حتمی شکل دے کر دوسرے روز وزرائے کونسل کے سامنے منظوری کے لیے پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پیر کو ہونے والے اجلاس کا اہم ترین ایجنڈا اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری ہے، جو ای سی او وژن 2025 کی جگہ تنظیم کے لیے نئے اسٹریٹجک فریم ورک کی حیثیت اختیار کرے گا۔

دستاویزات کے مطابق نئے اسٹریٹجک اہداف کے تحت ای سی او رکن ممالک کے درمیان علاقائی تجارت، اقتصادی روابط اور مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مستقبل کی ترجیحات کا تعین کیا جائے گا۔ اجلاس میں اعلامیہ اسلام آباد کو حتمی شکل دینے اور تنظیم کے مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے متعلق امور بھی زیر بحث آئیں گے۔

ای سی او کے وزرائے کونسل کے اجلاس میں تنظیم کے نائب وزرائے خارجہ کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کی پہلی رپورٹ، سال 2027 کے بجٹ اور ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کے موجودہ صدر پروفیسر سید کمیل طیبی کی مزید تین سال کے لیے دوبارہ تقرری کی منظوری بھی زیر غور آئے گی۔

اجلاس کے دوسرے روز نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بطور میزبان اور ای سی او کے موجودہ چیئرمین ابتدائی خطاب کریں گے، جبکہ قازقستان کے وزیر خارجہ مختار تلیوبردی 2025 کے ای سی او چیئر کی حیثیت سے اپنا بیان پیش کریں گے۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی خصوصی شرکت بھی اجلاس کا اہم حصہ ہوگی، جبکہ ترکیے کے نائب وزیر خارجہ موسیٰ کلاک لکایا اپنے ملک کے وفد کی قیادت کریں گے۔ اجلاس میں دیگر رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، سربراہان وفود، ای سی او مبصرین، بین الاقوامی شراکت دار اداروں اور تنظیم کے مختلف ذیلی اداروں کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں :ای سی او کی قیادت پاکستان کے سپرد،علاقائی ترقی اوراقتصادی خوش حالی کے نئے اہداف مقرر

اس سے قبل اتوار کو ای سی او رکن ممالک کے سینئر حکام کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں تنظیم کی مجموعی کارکردگی، علاقائی اقتصادی تعاون، مستقبل کی حکمت عملی اور انتظامی و مالی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ ای سی او کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان نے اجلاس میں خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور شرکا کو خوش آمدید کہا۔

دستاویز کے مطابق 30ویں وزرائے کونسل اجلاس کی رپورٹ کی منظوری اور اختتامی کارروائی کے ساتھ آئندہ اجلاس کی تاریخ اور مقام بھی طے کیا جائے گا۔ ای سی او وزرائے کونسل کا 31واں اجلاس 2027 میں پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہوگا۔

اجلاس کے دوران رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے معزز غیرملکی مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا۔

اجلاس میں علاقائی تجارت کے فروغ، ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں تعاون، وسطی ایشیائی ممالک کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے، اقتصادی و تجارتی تعلقات مضبوط بنانے اور علاقائی روابط کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والا یہ اجلاس رکن ممالک کے درمیان مستقبل کے اقتصادی تعاون اور مشترکہ علاقائی حکمت عملی کے تعین کے حوالے سے اہم فورم بن گیا ہے۔

editor

Related Articles