ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر واشنگٹن نے ایران کے خلاف کسی فوجی کارروائی کی غلطی کی تو میدان جنگ کا جغرافیہ ایرانی فوج اپنی طاقت اور حکمت عملی کے مطابق طے کرے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران اب نہ جنگ اور نہ امن کی غیر یقینی کیفیت میں رہنا چاہتا ہے بلکہ امریکا کو واضح فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ مذاکرات کا راستہ اختیار کرتا ہے یا جنگ کا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق باقر قالیباف نے میزائل سٹی کی رونمائی کو ایران کی دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک تکنیکی کامیابی نہیں بلکہ خطے میں تزویراتی توازن کی تبدیلی کی علامت بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میزائل سٹی کی رونمائی سے ایران کی دفاعی طاقت اور عسکری تیاریوں کا اظہار ہوتا ہے۔ یہ پیش رفت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ایران اپنی سلامتی اور دفاعی مفادات کے تحفظ کے لیے تیار ہے۔
قالیباف کا کہنا تھا کہ امریکا اگر مذاکرات کرنا چاہتا ہے تو ایران اس حقیقت سے آگاہ ہے لیکن اگر واشنگٹن جنگ کا راستہ اختیار کرتا ہے تو تہران بھی اس کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق امریکا کے انتخاب سے ایران کی پالیسی یا دفاعی تیاریوں میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے واضح کیا کہ امریکا کی جانب سے کسی نئی غلطی یا فوجی حملے کی صورت میں جنگ کا میدان اور اس کا جغرافیہ ایرانی فوج کی طاقت طے کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اگر ایران کی سات شرائط تسلیم کرلے تو دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کا راستہ کھل سکتا ہے۔
قالیباف نے امریکی وزیر خزانہ کے بیانات اور ان کے استعمال کردہ سخت الفاظ پر بھی ردعمل دیتے ہوئے انہیں ایران کی طاقت کے مقابلے میں امریکی بے بسی کا اظہار قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دھمکیوں سے بچنے کے لیے فوجی پناہ گاہوں میں جانے والے افراد کو بڑی قوموں کی توہین کرنے کے بجائے خلیج فارس میں اپنی ناکامیوں کا جائزہ لینا چاہیے۔
انہوں نے امریکی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دھمکیوں اور سخت بیانات سے ایران کو دباؤ میں نہیں لایا جاسکتا۔ خطے میں طاقت کے توازن اور حالات کو سمجھنے کے لیے امریکا کو اپنی پالیسیوں اور ماضی کی ناکامیوں پر غور کرنا چاہیے۔
قالیباف کے اس بیان میں ایک طرف ایران کی میزائل اور دفاعی صلاحیتوں کا اظہار کیا گیا ہے تو دوسری طرف واشنگٹن کے سامنے مذاکرات اور معاہدے کا راستہ بھی کھلا رکھنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
ایرانی اسپیکر نے سات شرائط کی تفصیلات بیان نہیں کیں، تاہم ان کے بیان سے واضح کیا کہ ایران کسی معاہدے کے لیے اپنی شرائط پر سمجھوتہ کیے بغیر آگے بڑھنا چاہتا ہے۔