سینئر تجزیہ کار مزمل سہروردی نے آزاد پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا نام عالمی سطح پر مسلم دنیا کی نمایاں شخصیات میں شامل ہو گیا ہے، ایران جنگ میں ثالثی کا کردار، مکہ ڈیفنس الائنس اور خلیجی ممالک قطر اور کویت کے ساتھ دفاعی و معاشی معاہدے اس کی بڑی وجوہات ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھی ان کی تعریف کی گئی ہے، چین، روس، امریکہ، عرب ممالک اور ایران سمیت تمام ممالک کے ساتھ رابطوں میں ان کا مرکزی کردار رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پہلی شناخت ایک واریر یعنی جنگجو جنرل کی تھی، جنہوں نے ملک کے دفاع کے لیے سخت عزم کا مظاہرہ کیا، تاہم وہ ایک اسٹیٹس مین یعنی مدبر شخصیت بھی ثابت ہوئے ہیں، جو دو دشمن ممالک کو ایک میز پر لانے اور پیچیدہ جنگوں کے فیصلے مذاکرات کے ذریعے کرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کی یہ بھی تعریف کی گئی کہ وہ خاموشی سے کام کرتے ہیں، پبلسٹی یا پریس کانفرنسز کے شوقین نہیں اور نہ ہی اپنی کارکردگی کی لیکس یا تشہیر کرواتے ہیں۔مزمل سہروردی نے کہا کہ ماضی میں عمران خان، نواز شریف اور بینظیر بھٹو کے ادوار میں عسکری و سیاسی تعلقات کا سیم پیج مختصر مدت کے لیے قائم رہا اور پھر ٹوٹ گیا، لیکن وزیراعظم شہباز شریف اور موجودہ عسکری قیادت کے درمیان یہ اتحاد 2022ء سے مسلسل چوتھے سال میں داخل ہو چکا ہے ان کے مطابق یہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے طویل، مستحکم اور بغیر کسی تنازع کے چلنے والا سیاسی و عسکری اشتراک ہے، جس میں دونوں بین الاقوامی اور ملکی بحرانوں کے دوران ایک ساتھ چل رہے ہیں۔
فضل الرحمان کی سیاست اور بلاول بھٹو سے رابطہ
مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا دیوبند مکتبہ فکر سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کا افغان طالبان کے ساتھ ماضی میں نرم گوشہ رہا ہے، تاہم تحریک طالبان پاکستان نے خود مولانا پر جان لیوا حملے کیے ہیں، اس لیے وہ ٹی ٹی پی کے حامی نہیں ہیں ان کی پوری تاریخ عسکری جدوجہد کے بجائے سیاسی جدوجہد پر مشتمل ہے۔
بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے حالیہ رابطے پر گفتگو کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے پیپلز پارٹی کی سیاست کو گڈ کاپ، بیڈ کاپ قرار دیا اور کہا کہ ایک طرف پیپلز پارٹی اسٹیٹ کے ساتھ چل رہی ہے اور دوسری طرف اپوزیشن کو بھی آن بورڈ رکھنا چاہتی ہے،تاہم بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ہونے والی حالیہ گفتگو سے فی الحال کسی بڑے سیاسی بریک تھرو کی توقع نہیں ہے۔
کوہاٹ میں غیر قانونی مائننگ اور احتساب
خیبرپختونخوا کے علاقے کوہاٹ میں معدنیات کی غیر قانونی چوری اور لوٹ مار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے سوال اٹھایا کہ اب تک اس میں ملوث افراد کے خلاف عملی گرفتاریاں کیوں نہیں ہوئیں، گورنر خیبرپختونخوا یا متعلقہ اداروں کو فوری طور پر ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ قومی دولت اور معدنیات لوٹ رہے ہیں، وہ اب تک آزاد کیوں ہیں اور ان کے خلاف نیب ریفرنسز کیوں نہیں بنے؟ محض پریس کانفرنسز کے بجائے ٹھوس احتساب ہونا چاہیے اور کرپشن کا مال قومی خزانے میں واپس لایا جانا چاہیے، بصورت دیگر لوگ اسے محض ایک سیاسی اسٹنٹ سمجھیں گے۔
مریم نواز کا قومی سیاست میں کردار
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سیاسی کردار پر گفتگو کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے کہا کہ وہ دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، جیسے سندھ کے مراد علی شاہ یا بلوچستان کے سرفراز بگٹی، کی طرح عام درجے کی رہنما نہیں ہیں بلکہ قومی سیاست کرتی ہیں، پارٹی کی سربراہ ہیں، ایک بڑی کراؤڈ پلر ہیں اور مستقبل میں وزیراعظم کے منصب کی دعویدار سمجھی جاتی ہیں۔
ان کے سیاسی پروفائل پر تنقیدی بحث کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی بعض سیاسی غلطیوں، جیسے ماضی کے احتجاجی انداز، نے ان کی سیاست کو نقصان پہنچایا ہے۔ سکیورٹی پروٹوکول کے دوران عوام اور بچوں کے گاڑی کے قریب آنے جیسے واقعات پر بھی بات کی گئی کہ اگرچہ یہ عوام کی محبت ہے، لیکن سکیورٹی کے تقاضے بھی اہم ہوتے ہیںانہوں نے کہا کہ حکومتوں کی میڈیا حکمت عملی ہمیشہ تنقید کی زد میں رہتی ہے کیونکہ آزاد میڈیا تنقیدی صحافت کرتا ہے، جسے حکمران عام طور پر پسند نہیں کرتے۔
فواد چوہدری، خواجہ آصف، ابرار الحق اور احسن اقبال پر گفتگو
فواد چوہدری کی سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے کہا کہ وہ اس وقت پارلیمنٹ کے اندر کوئی کھلاڑی نہیں ہیں بلکہ پاکستان کی سیاست کے ایک تبصرہ نگار اور کمنٹیٹر ہیں،جب تک وہ پارلیمنٹ میں واپس نہیں آتے، تب تک وہ باہر بیٹھ کر صرف تجزیے ہی کر سکتے ہیں۔
وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی سیاست میں ایک کامیاب سیاستدان ہیں، جنہوں نے مشکل ترین ادوار، مشرف اور زرداری کے دور میں بھی اپنے حلقے سے انتخابات جیتے ہیں۔ وہ موجودہ سول ملٹری سیم پیج کے بنیادی معماروں اور آرکیٹیکٹس میں شامل ہیں۔
ابرار الحق اور احسن اقبال کے درمیان ایک تقریب میں ہونے والی بحث کا ذکر کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے ابرار الحق کے اس بیان پر تبصرہ کیا کہ انہیں وزیراعظم بنا دیا جائے تو وہ سارے قرضے اتار دیں گے۔
انہوں نے ابرار الحق کو ایک ناکام سیاستدان قرار دیا، جنہوں نے سیاست چھوڑ دی ہے، اس لیے انہیں سیاسی باتیں کرنے کے بجائے اپنی گلوکاری اور فنڈ ریزنگ پر توجہ دینی چاہیے۔
اس کے برعکس احسن اقبال کو ایک سنجیدہ اور تجربہ کار سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے مشکل وقت میں کبھی اپنی پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا۔
