پاکستان ای سی او کے ذریعے خطے میں امن،استحکام اور ترقی کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا،اسحاق ڈار

پاکستان ای سی او کے ذریعے خطے میں امن،استحکام اور ترقی کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا،اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے پلیٹ فارم سے خطے میں ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ پاکستان 2026-27ء کے لیے تنظیم کی صدارت سنبھالنے کے بعد علاقائی روابط اور مؤثر اقتصادی تعاون کو اپنی ترجیحات میں شامل کر چکا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات کے ہمراہ نیوز بریفنگ دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اپنی صدارت کے پہلے سال میں خطے کے ممالک کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے اور ای سی او کو علاقائی تعاون کے ایک مؤثر اور عملی پلیٹ فارم کے طور پر فعال بنانے کے لیے کوشاں رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ای سی او وژن 2035 کا مقصد آئندہ دہائی کے لیے خطے کی ترقی اور خوشحالی کی سمت متعین کرنا ہے۔ پاکستان تنظیم کے چارٹر پر مکمل عمل درآمد کے لیے پُرعزم ہے اور مشترکہ خوشحالی، استحکام اور مضبوط علاقائی تعاون کو بنیادی اہمیت دیتا ہے۔

نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ای سی او کا بانی رکن ہے اور تنظیم کے منشور، اصولوں اور وژن سے وابستگی رکھتا ہے۔ علاقائی تعاون معاشی خوشحالی کے فروغ اور امن و استحکام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ یکجہتی، خودمختاری، باہمی احترام، عدم مداخلت اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعاون علاقائی ترقی کے بنیادی اصول ہیں۔ پاکستان نے اپنی صدارت کے پہلے سال میں رکن ممالک کے درمیان سیاسی روابط، بہتر رابطہ کاری اور وزارتی و تکنیکی سطح پر مشاورت کے عمل کو فروغ دیا۔

انہوں نے بتایا کہ 2026ء کے دوران ای سی او کے تحت 9 وزارتی سطح کے اجلاس اور روابط منعقد ہوئے، جبکہ اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2026ء سے 2035ء کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ نئے اسٹریٹجک اہداف آئندہ دس سال کے لیے علاقائی تعاون کی مضبوط بنیاد فراہم کریں گے، جن میں واضح ترجیحات اور عملی اقدامات کو اہمیت دی گئی ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ ای سی او وژن 2025 بھی پاکستان میں متعارف کرایا گیا تھا اور اب اگلی دہائی کا وژن 2035 بھی پاکستان میں پیش کیا گیا ہے۔ ڈیجیٹل روابط کے فروغ کے لیے متعلقہ قانون اور معاہدہ بھی اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ ڈیجیٹل تعاون معاشی ترقی کی نئی راہیں کھول سکتا ہے۔

افغانستان سے متعلق سوال پر اسحاق ڈار نے کہا کہ تنازعات کا حل طاقت کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہونا چاہیے۔ افغانستان کی رکنیت معطل ہے اور پاکستان افغان عبوری حکومت کو تسلیم نہیں کرتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ای سی او کے حالیہ اجلاس میں افغانستان کی نمائندگی موجود نہیں تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس میں افغانستان کا پرانا پرچم استعمال کیا گیا، جو وہاں سابق جمہوری نظام کے دور میں رائج تھا۔ پاکستان نے اس معاملے پر اپنا مؤقف واضح کردیا ہے اور ای سی او سیکریٹریٹ کو پرچم کے معاملے پر پاکستان سے مشاورت کرنی چاہیے تھی۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ افغان بارڈر بند ہونے کے باوجود پاکستان نے انسانی بنیادوں پر ایک ہزار کنٹینرز کو افغانستان جانے کی اجازت دی،ایران سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ وہ ایران کے معاملے پر چار اجلاس کرچکے ہیں اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔ انہوں نے ایران میں 3 اور 4 دسمبر 2026ء کو ہونے والے ای سی او کے 18ویں سربراہی اجلاس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

editor

Related Articles