وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے عدلیہ کو لکھے گئے خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود این آر او مانگ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا خط حقائق کے منافی اور جھوٹ پر مبنی ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے طبی سہولتوں کی عدم فراہمی کا شور بھی بے بنیاد ہے، انہیں جیل میں جو سہولیات حاصل ہیں وہ ملک کے کسی دوسرے قیدی کو میسر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا باقاعدگی سے ماہر ڈاکٹر طبی معائنہ کرتے ہیں، انہیں آٹھ مرتبہ جیل سے باہر لے جا کر ماہر ڈاکٹروں کو دکھایا گیا، جبکہ ان کے طبی معائنے کے لیے بیرون ملک سے بھی ڈاکٹر بلائے گئے۔
وفاقی وزیر کے مطابق عدلیہ کو لکھے گئے خط میں طبی سہولیات کی عدم فراہمی، 22 گھنٹے قید تنہائی، کتابیں اور ٹی وی نہ ہونے سے متعلق الزامات بھی بے بنیاد ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو ان کی پسند کا کھانا فراہم کیا جاتا ہے اور حکومت ان کی صحت کے معاملے پر کسی طور غافل نہیں۔
طارق فضل چوہدری نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف صرف عدالتوں سے ہی مل سکتا ہے، وہ کسی سیاسی انتقام کے نتیجے میں جیل میں نہیں بلکہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا کی وجہ سے قید ہیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ 190 ملین پاؤنڈ کی رقم پاکستان کے قومی خزانے میں آنی تھی، تاہم اسے کسی دوسرے اکاؤنٹ میں منتقل کیا گیا اور اس کے بدلے 450 کنال زمین تحفے میں حاصل کی گئی۔ ان کے بقول یہ کرپشن کا اوپن اینڈ شٹ کیس ہے اور بانی پی ٹی آئی اسی مقدمے میں سزا کے باعث جیل میں ہیں۔