برطانیہ میں ایک شادی کی تقریب اس وقت دلچسپ منظر میں تبدیل ہوگئی جب دلہن کی آمد سے عین پہلے ایک اجنبی کتا چرچ میں داخل ہوگیا اور تمام مہمانوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ برطانیہ کی کاؤنٹی ہیمپشائر میں پیش آیا، جہاں سائمن کین اور ایمی ایسٹلی شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق 7 نومبر کو ایمانوئل ایسٹلی چرچ میں شادی کی تقریب جاری تھی۔ 30 سالہ ایمی، جو پیشے کے اعتبار سے ڈینٹل نرس ہیں، چرچ کے باہر اپنی انٹری کے انتظار میں موجود تھیں۔ ان کی آمد کے لیے مخصوص موسیقی بھی شروع ہوچکی تھی کہ اچانک سیاہ اور سفید رنگ کا ایک جیک رسل ٹیریئر کتا دوڑتا ہوا وہاں پہنچ گیا۔
ایلی نامی یہ کتا سیدھا دلہن کے پالتو کتے کے پاس جا پہنچا، جو شادی کی تقریب میں انگوٹھیوں کی ذمہ داری ادا کر رہا تھا۔
شادی کے دولہا 31 سالہ سائمن کین نے اس غیر متوقع واقعے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں توقع تھی کہ دلہن اپنی سہیلیوں کے ہمراہ چرچ میں داخل ہوں گی، لیکن اس کے بجائے ایک اجنبی کتا نمودار ہوگیا اور اس کا مالک بھی اس کے پیچھے پیچھے آ رہا تھا۔
سائمن کے مطابق کتا سیدھا چرچ میں داخل ہوا اور راہداری میں دوڑتا ہوا آگے نکل گیا، جس سے شادی میں موجود مہمانوں کے لیے یہ لمحہ خوشگوار حیرت کا باعث بن گیا۔
اس دلچسپ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور صارفین کتے کی اچانک انٹری کو شادی کا یادگار ترین لمحہ قرار دے رہے ہیں۔