بھارتی خفیہ ایجنسی را کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا، سکھ راہنما کے قتل کی سازش میں ملوث نکھل گپتا نے جرم قبول کر لیا

بھارتی خفیہ ایجنسی را کے نیٹ ورک کو بڑا دھچکا، سکھ راہنما کے قتل کی سازش میں ملوث نکھل گپتا نے جرم قبول کر لیا

امریکہ میں سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث بھارتی شہری نکھل گپتا کے خلاف قانونی کارروائی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ امریکی پراسیکیوٹرز نے ملزم کو 24 سال سے زائد قید کی سزا دینے کی سفارش کردی ہے، جبکہ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق عدالت 20 نومبر کو نکھل گپتا کو سزا سنائے گی۔

بھارتی جریدے دی ہندو کی رپورٹ کے مطابق نکھل گپتا پر الزام ہے کہ اس نے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک اہلکار کے ساتھ مل کر امریکہ میں مقیم سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی منصوبہ بندی کی۔ امریکی حکام کے مطابق اس سازش میں بھارتی شہری وکاش یادو کا بھی کردار سامنے آیا، جس نے مبینہ طور پر مئی 2023 میں نکھل گپتا کو قتل کی ذمہ داری سونپی تھی۔

امریکی استغاثہ کے مطابق قتل کی منصوبہ بندی کے لیے نکھل گپتا کو مالی معاوضے کی پیشکش کی گئی، جبکہ مبینہ طور پر اضافی رقم، منشیات بردار طیارے کو منی پور ایئرپورٹ پر کلیئرنس دلوانے اور اسلحے کی خرید و فروخت میں معاونت کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔ امریکی تحقیقات میں ان تفصیلات کو مبینہ سازش کے اہم پہلوؤں کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی بینکوں کا نظام بحال: تکنیکی خرابی تھی یا سائبر حملہ؟ اصل کہانی سامنے آ گئی

تحقیقات کے دوران ایک اور اہم انکشاف یہ سامنے آیا کہ نکھل گپتا اور وکاش یادو مبینہ طور پر صرف امریکہ میں ہی نہیں بلکہ پاکستان اور نیپال میں بھی قتل کی منصوبہ بندی سے متعلق رابطوں میں ملوث تھے۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق گزشتہ سال ہونے والی عدالتی کارروائی کے دوران پاکستان میں ایک ہدف کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق مئی 2023 میں نکھل گپتا نے پاکستان میں ایک ہدف کے قتل کے حوالے سے بھی وکاش یادو سے رابطہ کیا تھا۔

بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسوب اس نیٹ ورک کے حوالے سے کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا معاملہ بھی تحقیقات کا اہم حصہ رہا ہے۔ نکھل گپتا اور وکاش یادو کے نام نجر کے قتل سے متعلق مبینہ بھارتی روابط کے تناظر میں بھی سامنے آئے ہیں، جس سے بیرون ملک سکھ رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے الزامات کی سنگینی مزید بڑھ گئی ہے۔

واضح رہے کہ نکھل گپتا 13 فروری 2026 کو سکھ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش، قتل کے لیے اجرت دینے اور منی لانڈرنگ سمیت الزامات تسلیم کر چکا ہے۔ اس اعتراف کے بعد امریکی عدالت میں اس کے خلاف سزا کا مرحلہ شروع ہوا۔

امریکی پراسیکیوٹرز کی جانب سے 24 سال سے زائد قید کی سفارش اس مقدمے میں اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ اب تمام نظریں 20 نومبر کو ہونے والی عدالتی کارروائی پر مرکوز ہیں جس میں نکھل گپتا کی سزا کا تعین کیا جائے گا۔ یہ مقدمہ بیرون ملک سیاسی اور مذہبی شخصیات کو طور پر نشانہ بنانے کی کارروائیوں اور ان میں ریاستی اداروں سے منسوب کردار کے حوالے سے بھی خاص اہمیت اختیار کر گیا ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles