امریکی ریاست نیویارک کی اوسویگو بندرگاہ سے ایک ایسی نایاب مچھلی پکڑی گئی ہے جس کا چمکدار پیلا اور نارنجی رنگ دیکھ کر ماہرین بھی حیران رہ گئے۔ ماہرین نے اسے لاکھوں مچھلیوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔
امریکی ادارے فش اینڈ وائلڈ لائف سروس کے ماہرین نے معمول کے آبی سروے کے دوران یہ منفرد مچھلی دریافت کی، جسے بربوٹ’ لوٹا لوٹا‘ کہا جاتا ہے۔ یہ میٹھے پانی میں پائی جانے والی مچھلی ہے، لیکن اس کا غیر معمولی رنگ اسے دوسری مچھلیوں سے بالکل الگ بناتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس مچھلی میں زینتھوکرومزم نامی ایک نایاب جینیاتی کیفیت موجود ہے، جس کے باعث اس کے جسم کا قدرتی رنگ تبدیل ہوکر زرد مائل نارنجی ہوگیا ہے۔ یہ نایاب مچھلی گزشتہ ماہ آبی ماحول میں حملہ آور انواع کی نگرانی کے لیے کیے جانے والے ایک سائنسی سروے کے دوران پکڑی گئی۔
واضح رہے کہ امریکی ادارہ گریٹ لیکس کے ساحلی علاقوں، دریاؤں اور بندرگاہوں میں مچھلیوں کی مختلف اقسام اور ان کی آبادی پر نظر رکھنے کے لیے باقاعدگی سے سروے کرتا ہے۔ اس مقصد کے لیے الیکٹرو فشنگ، مختلف اقسام کے جال اور ماحولیاتی ڈی این اے کے تجزیے سمیت جدید سائنسی طریقے استعمال کیے جاتے ہیں۔
عام طور پر نظر آنے والی مچھلیوں میں اس قدر غیر معمولی رنگ کا پایا جانا انتہائی کم ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس دریافت کو آبی حیات کے ماہرین کے لیے ایک دلچسپ اور غیر معمولی مشاہدہ قرار دیا جا رہا ہے۔