واٹس ایپ اسٹیٹس میں بڑی تبدیلی، صارفین کو ملنے والی ہے نئی سہولت

واٹس ایپ اسٹیٹس میں بڑی تبدیلی، صارفین کو ملنے والی ہے نئی سہولت

دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے ذریعے اب اسٹیٹس پر براہ راست اپنی لوکیشن شیئر کی جاسکے گی۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ویب بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق اس نئے فیچر کے تحت صارفین کو لوکیشن شیئر کرنے کے لیے کسی تصویر یا ویڈیو کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ وہ براہ راست اسٹیٹس کے ذریعے اپنی موجودہ یا کسی دوسری منتخب کردہ جگہ کی لوکیشن شیئر کرسکیں گے۔

اس وقت واٹس ایپ پر لوکیشن شیئر کرنے کے لیے صارفین کو پہلے گیلری سے کوئی تصویر یا ویڈیو منتخب کرنا پڑتی ہے، جس کے بعد اس پر لوکیشن اسٹیکر لگایا جاتا ہے۔ تاہم نئے فیچر کے بعد یہ اضافی مراحل ختم ہوجائیں گے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس فیچر کی آزمائش اینڈرائیڈ صارفین کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں جاری ہے۔ نئے طریقہ کار کے تحت صارفین کو واٹس ایپ کے اپ ڈیٹس ٹیب میں لوکیشن کا نیا آپشن دکھائی دے گا۔ اس آپشن کو منتخب کرنے اور ایپ کو لوکیشن تک رسائی دینے کے بعد موجودہ مقام اسکرین پر ظاہر ہوگا۔ صارف کی اجازت کے بعد اسے اسٹیٹس پر شیئر کیا جاسکے گا۔

یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ میں ایسا فیچر آنے والا ہے جس کا صارفین کو طویل انتظار تھا

خاص بات یہ ہے کہ صارفین صرف اپنی موجودہ جگہ ہی نہیں بلکہ اپنی مرضی سے کسی دوسری لوکیشن کا انتخاب کرکے بھی اسے شیئر کرسکیں گے۔

واٹس ایپ نے ان صارفین کی پرائیویسی کا خیال رکھنے کا آپشن بھی رکھا ہے جو اپنی بالکل درست لوکیشن دوسروں کو نہیں دکھانا چاہتے۔ ایسے صارفین اپنے موبائل کی سیٹنگز میں جاکر ایپ کو صرف اندازاً لوکیشن تک رسائی دے سکتے ہیں۔

اس فیچر میں لوکیشن عام اسٹیکر کے بجائے ایک میپ کارڈ کی صورت میں نظر آئے گی، جس پر سبز رنگ کا پن موجود ہوگا۔ اس طرح اسٹیٹس دیکھنے والے افراد شیئر کی گئی جگہ کی تفصیلات بھی دیکھ سکیں گے۔ فی الحال یہ فیچر آزمائشی مراحل میں ہے اور تمام صارفین کے لیے اس کی دستیابی سے متعلق حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

editor

Related Articles