پشاور میں ٹریفک قوانین توڑنے والوں کی خیر نہیں، سفارش بھی نہیں چلے گی، جدید ای چالان سسٹم متعارف

پشاور میں ٹریفک قوانین توڑنے والوں کی خیر نہیں، سفارش بھی نہیں چلے گی، جدید ای چالان سسٹم متعارف

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کارروائی کا نیا نظام متعارف کرا دیا گیا ہے۔

 سیف سٹی کیمروں کی مدد سے خودکار ای چالان جاری کیے جائیں گے جبکہ سفارش اور اثر و رسوخ بھی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے سے نہیں بچا سکے گا۔

پولیس حکام کے مطابق جدید ای چالان سسٹم کے تحت شہر بھر میں نصب سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ٹریفک کی نگرانی کی جائے گی۔
اس نظام میں جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی شناخت کی جائے گی اور متعلقہ مالکان کے نام آن لائن چالان جاری ہوں گے۔

 یہ بھی پڑھیں :غلط ای چالان کے خلاف شہریوں کو ریلیف،گھر بیٹھے آن لائن ریویو کی سہولت متعارف

نئے نظام کے تحت سیٹ بیلٹ کے بغیر گاڑی چلانے، غلط سمت میں سفر کرنے، ٹریفک سگنل توڑنے اور موٹر سائیکل پر ہیلمٹ استعمال نہ کرنے سمیت مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے کیے جائیں گے۔

سفارش اور اثر و رسوخ بے اثر ہوگا

ڈی آئی جی آئی ٹی خیبر پختونخوا اعجاز احمد کے مطابق سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی خودکار نگرانی ممکن ہوگی۔
اس سے خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی شناخت اور چالان کے اجرا کا عمل ڈیجیٹل انداز میں مکمل کیا جاسکے گا۔

ایس ایس پی ٹریفک پشاور ڈاکٹر زاہد رفیق کا کہنا ہے کہ جدید نگرانی کا نظام فعال ہونے کے بعد سگنل توڑنے، رانگ روٹ استعمال کرنے اور دیگر خلاف ورزیوں میں ملوث گاڑیوں کی باآسانی نشاندہی ہوسکے گی۔

ڈیڑھ کروڑ خلاف ورزیاں ریکارڈ

پولیس حکام کے مطابق پشاور میں اب تک ٹریفک قوانین کی ڈیڑھ کروڑ سے زائد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جاچکی ہیں، تاہم تاحال کسی شہری کو چالان جاری نہیں کیا گیا۔

 یہ بھی پڑھیں ؛شہری ہوشیار : جعلی ای چالان کو کیسے پہچانیں؟ پی ایس سی اے کی ایڈوائزری جاری

حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ منظوری ملتے ہی ابتدائی مرحلے میں چھ اقسام کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر خودکار ای چالان جاری کرنے کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا۔

برطانیہ اور دبئی جیسا ڈیجیٹل نظام

پولیس حکام کے مطابق پشاور میں متعارف کرایا جانے والا نظام برطانیہ، دبئی اور دیگر ترقی یافتہ ممالک کے طرز پر تیار کیا جارہا ہے۔

اس اقدام کا مقصد ٹریفک قوانین پر مؤثر عمل درآمد، خلاف ورزیوں کی روک تھام اور شہریوں میں قانون کی پاسداری کا شعور پیدا کرنا ہے۔ خودکار نگرانی کے ذریعے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی راہ ہموار ہوگی۔

editor

Related Articles