پاکستان کے معدنی خزانوں کی تلاش میں برطانیہ بھی میدان میں آگیا، بڑا معاہدہ تیار، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

پاکستان کے معدنی خزانوں کی تلاش میں برطانیہ بھی میدان میں آگیا، بڑا معاہدہ تیار، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

پاکستان کے معدنی وسائل کی تلاش اور جدید ارضیاتی تحقیق کے لیے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعاون کا معاہدہ تیار کرلیا گیا۔ شراکت داری کے تحت معدنی ذخائر کی نشاندہی، جدید ٹیکنالوجی، ڈیٹا کے تبادلے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسلام آباد میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کے موقع پر اس شراکت داری کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے معدنی شعبے میں ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے اور پائیدار اقتصادی مواقع پیدا کرنے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔
اعلامیے کے مطابق برٹش جیولوجیکل سروے اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے درمیان مجوزہ معاہدے کے تحت ارضیاتی تحقیق، نقشہ سازی، سائنسی معلومات کے تبادلے اور اہم معدنیات کی تلاش میں تعاون کیا جائے گا۔

اس شراکت داری کا بنیادی مقصد پاکستان کے معدنی وسائل کو جدید سائنسی طریقوں سے دریافت کرنا اور ان کی ذمہ دارانہ ترقی کے لیے مؤثر نظام تشکیل دینا ہے۔
 اس کے علاوہ معدنی شعبے میں شفافیت، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے اور ماحول دوست کان کنی کو فروغ دینے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

پاکستانی ماہرین کی جدید تربیت مکمل

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ برطانوی مالی معاونت سے جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے عملے نے 16 ہفتوں پر مشتمل خصوصی تکنیکی تربیت بھی مکمل کرلی ہے۔

اس تربیتی پروگرام میں پاکستانی ماہرین کو ڈیجیٹل ارضیاتی سروے، معدنی نمونوں کے سائنسی تجزیے، فضائی جیو فزکس اور جدید نقشہ سازی کی مہارتیں فراہم کی گئیں۔

ان جدید تکنیکی صلاحیتوں سے پاکستان میں معدنی ذخائر کی نشاندہی، ان کے سائنسی تجزیے اور مستقبل کے منصوبوں کی تیاری میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجوزہ تعاون کو معدنی شعبے میں تحقیق اور بین الاقوامی شراکت داری کے فروغ کی اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔
 اس کے ذریعے پاکستان کے معدنی وسائل سے متعلق معلومات کو جدید سائنسی بنیادوں پر مرتب کرنے اور سرمایہ کاروں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

برطانوی ہائی کمشنر نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کا ملک پاکستانی اداروں کی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے اور معدنی شعبے میں پائیدار اقتصادی مواقع پیدا کرنے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

editor

Related Articles