ایس آئی ڈی بی اجلاس : صنعتوں کا پہیہ رواں، تاجروں کا تحفظ اور روزگار کے مواقع ، کے پی میں ترقی کا نیا باب رقم ہونے کو تیار

ایس آئی ڈی بی اجلاس : صنعتوں کا پہیہ رواں، تاجروں کا تحفظ اور روزگار کے مواقع ،  کے پی میں ترقی کا نیا باب رقم ہونے کو تیار

طویل عرصے سے تعطل کا شکار خیبرپختونخوا سمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بورڈ (ایس آئی ڈی بی) کا 109 واں بورڈ اجلاس بالآخر منعقد ہو گیا، جس میں صوبے کی صنعتوں کی ترقی، ملازمین کے مسائل کے حل اور امور کو جدید خط استوار پر لانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

اجلاس کی صدارت مشیر برائے صنعت و حرفت اور چیئرمین ایس آئی ڈی بی ڈاکٹر محمد ارشاد نے کی ,  ایک سال سے زائد عرصے تک بورڈ اجلاس نہ ہونے کی وجہ سے سمال انڈسٹریز کو متعدد انتظامی اور مالیاتی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

اجلاس کے اہم فیصلے اور منظوری

 ایس آئی ڈی بی کے تمام دفتری اور انتظامی امور کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے تاکہ شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں پشاور انڈسٹریل پارک کے لیے اپروچ روڈ کی تعمیر کی باضابطہ منظوری دی گئی، جس سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں :قومی خزانے کیلئے ریلیف ، ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

اسلام آباد میں واقع خیبرپختونخوا آرٹس اینڈ کرافٹس گیلری میں اب صرف اور صرف صوبے کی مقامی مصنوعات (پراڈکٹس) رکھنے کی منظوری دی گئی ہے۔

 آئندہ بورڈ کے اجلاس بروقت منعقد کرنے کے لیے ایک فعال ایکٹیویٹی کیلنڈر بنانے کی بھی منظوری دی گئی۔

ملازمین کے مسائل اور تجاوزات کے خلاف سخت ہدایات

بورڈ اجلاس میں ایس آئی ڈی بی کے ملازمین کے سروس اسٹرکچر، اعزازیہ (آنراریئم) اور پنشن کے حوالے سے درپیش دیرینہ چیلنجز کو حل کرنے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین ایس آئی ڈی بی ڈاکٹر محمد ارشاد نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام صنعتی زونز میں موجود تجاوزات کو فی الفور ہٹایا جائے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ صنعت کاروں اور صنعتوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، اس لیے کسی بھی جاری کاروبار کو ختم کرنے کے بجائے اسے قانون کے دائرے میں لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں :نامزد اضلاع کی خوشحالی اولین ترجیح ہے، گورنر فیصل کریم کنڈی کا ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے پر زور

یاد رہے کہ ایک سال سے زائد عرصے تک اجلاس نہ ہونے کے باعث چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتیں (SMEs) بے شمار مسائل میں گھری ہوئی تھیں، جنہیں اب ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے،  صنعتی زونز سے تجاوزات کا فوری صفایا اور کاروبار بند کرنے کے بجائے انہیں قانونی تحفظ اور دائرہ کار میں لانے کا فیصلہ اس بات کا غماز ہے کہ حکومت تاجروں اور صنعت کاروں کی  سہولت کاری پر یقین رکھتی ہے۔

editor

Related Articles