پاکستان کے معروف گلوکار شفقت امانت علی نے کینسر جیسے موذی مرض سے2 سال تک مقابلہ کرنے کے بعد اپنی صحت میں نمایاں بہتری کی خوشخبری سنا دی ہے۔ گلوکار کا کہنا ہے کہ ان کا علاج تاحال جاری ہے، تاہم وہ جلد دوبارہ موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے اور کنسرٹس میں پرفارم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران شفقت امانت علی نے اپنی بیماری اور صحت یابی کے سفر سے متعلق اہم تفصیلات شیئر کیں۔
انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر مختلف ڈاکٹروں سے علاج کروایا، تاہم بعد میں انہیں ملٹی پل مائیلوما کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد کراچی کے ایک نجی اسپتال میں ان کا باقاعدہ علاج شروع کیا گیا۔
گلوکار کے مطابق بیماری کے دوران طویل عرصے تک بستر پر رہنا ان کے لیے انتہائی مشکل تجربہ تھا، کیونکہ وہ ایک متحرک اور مصروف زندگی گزارنے کے عادی تھے۔ تاہم اب طبیعت میں بہتری آنے کے بعد ان کے حوصلے بلند ہیں اور وہ دوبارہ گلوکاری شروع کرنے کے منتظر ہیں۔
شفقت امانت علی نے بتایا کہ اسٹیم سیل تھراپی سمیت ان کے علاج کا سلسلہ ابھی جاری ہے، جس کے باعث وہ تاحال باقاعدہ طور پر گلوکاری کی سرگرمیاں شروع نہیں کرسکے۔
دوسری جانب میوزک ڈائریکٹر احسن باری نے بتایا کہ شفقت امانت علی کی صحت بہتر ہونے کے بعد گزشتہ دو ماہ سے ان کی میوزیکل کنسرٹس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔
ان کنسرٹس میں موسیقی کے نئے انداز پیش کیے جائیں گے، جبکہ ملک کے معروف موسیقاروں کے ساتھ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی میوزک اکیڈمی کے طلبہ بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
احسن باری کے مطابق کنسرٹس کی تیاریاں باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کی جارہی ہیں، جن میں ریہرسل کے علاوہ موک کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر شفقت امانت علی کی بیماری سے صحت یابی اور موسیقی کی دنیا میں واپسی کے سفر پر مبنی ایک خصوصی ویڈیو پرومو بھی دکھایا گیا۔ شفقت امانت علی کی واپسی کی خبر ان کے مداحوں کے لیے یقیناً خوشی کا باعث ہے، جو ایک بار پھر ان کی آواز براہ راست سننے کے منتظر ہیں۔