امریکا میں فضائی نظام کی تکنیکی خرابی نے پروازوں کا نظام متاثر کردیا، تاہم حکام نے واقعے کے پیچھے سائبر حملے کا امکان مسترد کردیا ہے۔ ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں خرابی کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔
امریکی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کلیٹن کے مطابق مختلف سرکاری اداروں کے کمپیوٹر سسٹمز کو جدید بنانے اور اپ گریڈ کرنے کا عمل جاری ہے۔ موجودہ تکنیکی مسائل کو سائبر حملے سے جوڑنے کے شواہد نہیں ملے۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شین ڈفی نے بھی تصدیق کی کہ جمعہ کو پروازوں میں پیدا ہونے والا تعطل سائبر حملے کا نتیجہ نہیں تھا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم میں خرابی کی بنیادی وجہ ابھی معلوم نہیں ہوسکی۔
واقعے کی حساسیت کے پیش نظر وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے بھی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ادارے کی ٹیم مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ تکنیکی خرابی کے اسباب کا تعین کیا جاسکے۔
دوسری جانب امریکی سینیٹ میں اکثریتی رہنما جان تھیون نے سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے کانگریس میں نگرانی سے متعلق سماعتیں شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ امریکی فضائی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ٹرانسپورٹ اور مواصلات سمیت اہم قومی بنیادی ڈھانچے کا تحفظ بھی ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔
حکام کی جانب سے سائبر حملے کے شواہد نہ ملنے کی وضاحت کے باوجود فضائی نظام میں خرابی کی اصل وجہ سامنے نہ آنا امریکی ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی تکنیکی سلامتی سے متعلق اہم سوالات اٹھا رہا ہے۔